پاکستان نیوی نے 16 اکتوبر 2021ء کو بھارتی آبدوز کو پاکستان کی سمندری حدود میں داخل ہونے سے روک دیا۔
تفصیلات کے مطابق پاک بحریہ نے انڈین نیوی کی آبدوز کا پاکستانی سمندری حدود کے قریب سراغ لگایا جو کسی موقعے کی تلاش میں پاکستان کی سمندری حدود میں داخل ہونے کی کوشش کر رہی تھی۔ پاک نیوی نے اپنی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے بھارتی آبدوز کو پاکستانی سمندری حدود سے بین الاقوامی سمندری حدود میں دھکیل دیا۔ پاک بحریہ کے طیاروں نے بھرپور حملے کی صلاحیت رکھنے کے باوجود بھارتی آبدوز کو نشانہ نہیں بنایا بلکہ سطح پر دھکیلنے کے بعد ان پر واضح بھی کیا کہ آبدوز کی مسلسل اور کڑی نگرانی کی جا رہی تھی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک بحریہ نے اپنی پیشہ ورانہ صلاحیت اور مسلسل نگرانی سے بروقت بھارتی سب میرین کا پتا لگایا، مسلسل تیسری بار پاک بحریہ کے لانگ رینج پٹرول ائیرکرافٹ نے بھارتی سب میرین کو بروقت ٹارگٹ کرکے روکا، سکیورٹی خدشات کے باعث پاک بحریہ مسلسل پاکستانی سمندری حدود کی نگرانی کررہی ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھاکہ حالیہ واقعہ بھارت کی مذموم سازشوں کا عکاس ہیں۔