تکذیب نکاح کی درخواست عدالت سے مسترد ہونے کے بعد اداکارہ میرا کی والدہ بیٹی کی عتیق الرحمان کیساتھ رخصتی کیلئے تیار ہو گئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اداکارہ میرا کی والدہ کا کہنا ہے کہ میں عدالتی فیصلے کا احترام کرتی ہوں۔ میرا اور عتیق الرحمان کے درمیان صلح کیلئے اپنا کردار ادا کرنے کیلئے بھی تیار ہوں۔ انہوں نے کہا کہ عتیق الرحمان آئے اور اپنی بیوی کو رخصتی کر کے ساتھ لے جائے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز لاہور کے ایڈیشنل سیشن جج مظہر حسین نے ٹرائل کورٹ (فیملی کورٹ) کا فیصلہ درست قرار دیتے ہوئے اداکارہ میرا کی تکذیب نکاح کی اپیل مسترد کر دی تھی۔ سیشن کورٹ کے فیصلے میں کہا گیا ہے کہ اداکارہ میرا کا نکاح درست ہے اور وہ عتیق الرحمٰن کی بیوی ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل لاہور کی فیملی عدالت کے جج بابر ندیم نے 2018ء میں کیس کی سماعت کرتے ہوئے میرا کے تکذیب نکاح کے دعوے کو جھوٹا قرار دیتے ہوئے فیصلے میں کہاتھا کہ اداکارہ اور عتیق الرحمٰن کے درمیان تنازع کی وجہ ڈیفنس کا گھر ہے، جس کیلئے دونوں نے ایک دوسرے کے خلاف فوجداری مقدمات قائم کئے تھے، اور یہ کیسز گزشتہ دس برسوں سے عدالتوں میں زیر التوا رہے ہیں۔ فیصلے کے متعلق اداکارہ میرا کا کہنا تھا کہ وہ عتیق الرحمن کو نہیں جانتی، عتیق سے نکاح نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ نکاح نامہ اور شادی کی دکھائی جانے والی تصاویر جعلی ہیں۔
بعد ازاں اداکارہ میرا نے 6 مارچ 2019ء کو فیملی کورٹ کے فیصلے کو لاہور کی سیشن عدالت میں چیلنج کیا تھا۔ سیشن عدالت میں دائر کی گئی درخواست میں ان کا موقف تھا کہ دوسرے فریق نے فیملی کورٹ کو دھوکے میں رکھ کر یہ فیصلہ لیا ہے، اسے کالعدم قرار دیا جائے۔