سنیل گروور کو دل کے عارضے کے باعث انتہائی تشویش ناک حالت میں تین دن آئی سی یو میں گزارنے پڑے، جہاں ان کی اوپن ہارٹ سرجری ہوئی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اپنی لاجواب کامیڈی کے باعث لاکھوں لوگوں کے دلوں میں گھر والے سنیل گروور کو 27 جنوری کو ممبئی میں قائم ایشین ہارٹ انسٹی ٹیوٹ میں دل کی تکلیف کے باعث لایا گیا تھا ۔ ڈاکٹرز نے ان کے چیک اپ کے بعد ان کی تیزی سے خراب ہوتی طبیعت کے باعث انہیں انتہائی نگہداشت وارڈ میں داخل کرلیا۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ سنیل گروور تین روز تک آئی سی یو میں داخل رہے، جہاں ان کے مختلف ٹیسٹ اور دیگر سکیننگ کی گئی، جس کی رپورٹ کے بعد ڈاکٹروں نے ان کی فوری طور پر اوپن ہارٹ سرجری کا فیصلہ کیا۔
سنیل گروور کی مکمل میڈیکل رپورٹس تو سامنے نہیں آ سکیں، البتہ ایشین ہارٹ انسٹی ٹیوٹ کے ذرائع کے مطابق 44 سالہ سنیل کے دل کے وال بند ہو چکے تھے، اسی لئے ان کا فوری آپریشن کیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ سنیل گروور کی طبیعت اب پہلے سے بہتر ہے، تاہم ابھی انہیں انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں ہی رکھا جائے گا۔
متعلقہ ہسپتال نے سنیل کے متعلق اس سے زیادہ اطلاعات فراہم نہیں کیں، تاہم ان کے اہل خانہ پُرامید ہیں کہ انہیں جلد ہسپتال سے گھر جانے کی اجازت دے دی جائے گی۔
سنیل گروور نے دل کی شریانوں میں بندشوں کے باوجود ویب سیریز کی شوٹنگ میں حصہ لیا اور شوٹنگ مکمل ہونے کے بعد سرجری کیلئے ہسپتال گئے۔
بالی وڈ سمیت بھارتی شوبز کی شخصیات نے ان کی جلد صحت یابی کیلئے دعاکی ہے۔
یاد رہے کہ سنیل گروور نے کامیڈی نائٹ ود کپل میں لڑکی کے کردار گتھی اور کپل شرما شو میں ڈاکٹر گلاٹی کے کردار سے شہرت پائی تھی۔