یمن میں سعودی عرب کی سربراہی میں قائم اتحادی فوج نے العبدیہ میں حوثی باغیوں کی پیش قدمی روکنے کے لیے 24 گھنٹوں میں 38 فضائی حملے کیے جس کے نتیجے میں 150 جنگجو ہلاک ہوگئےہیں۔ یمن میں مارب کے علاقے العبدیہ میں حکومتی فورسز اور باغیوں کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے اور اتحادی فوج نے باغیوں کے ٹھکانوں پر پے در پے فضائی حملے کیے ہیں۔
#فيديو | تحالف دعم الشرعية في اليمن ينشر لقطات فيديو لعمليات استهداف الآليات العسكرية وعناصر المليشيا الحوثية بالعبدية خلال الـ ٢٤ ساعة الماضية.#واس_عام pic.twitter.com/LHsnH33pGc
— واس العام (@SPAregions) October 18, 2021
عرب اتحاد نے اقوام متحدہ کے امدادی اداروں پر زور دیا کہ وہ کئی ہفتوں سے حوثی باغیوں کے محاصرے میں گھرے العبدیہ کے حوالے سے اپنی ذمہ داریاں پوری کرئے۔
دوسری جانب حوثی باغیوں کا کہنا ہے کہ العبدیہ میں حکومتی فورسز کی بمباری کے باوجود اب تک ہمارا کنٹرول برقرار ہے تاہم حوثی ترجمان نے اتنے بڑے پیمانے پر ہلاکتوں کے اتحادی افواج کے دعوے کو بے بنیاد قرار دیا۔
ادھر یمن کے وزیر خارجہ احمد بن مبارک نے اقوام متحدہ کی عہدیدار سے بات چیت میں خبر دار کیا کہ مآرب میں حوثی ملیشیا کی جارحیت کے شہری آبادی کے لیے سنگین نتائج سامنے آ سکتے ہیں۔
خیال رہے کہ 2014 سے یمن میں سیاسی بحران کے باعث سعودی عرب اتحادی افواج اور ایران کے حمایت یافتہ حوثی باغیوں کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے جس میں ڈھائی لاکھ افراد ہلاک اور دس لاکھ سے زائد بے گھر ہو گئے ہیں۔