بھارت نے لداخ فوجی تصادم کو جواز بناتے ہوئے بیجنگ سرمائی اولمپکس کی افتتاحی تقریب میں شرکت سے انکار کر دیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق چین نے افتتاحی تقریب کے روایتی اولمپکس ٹارچ ریلے میں گلوان وادی میں بھارتی فوجیوں کے ساتھ تصادم میں زخمی ہونے والے چینی فوجی کو شامل کیا ہے جس پر نئی دہلی نے سخت ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت نے افتتاحی اور اختتامی تقاریب میں شرکت سے معذرت کر لی ہے، جبکہ بھارتی ٹی وی دور درشن نے بھی اعلان کیا ہے کہ ان تقریبات کو بھارت میں نشر نہیں کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ بیجنگ سرمائی اولمپکس میں بھارت کے صرف ایک سکائیر اتھلیٹ عارف محمد خان شرکت کر رہے ہیں۔
بھارتی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ چین کی جانب سے کھیل کو سیاست میں شامل کرنا افسوس ناک ہے۔
دوسری جانب چین نے بھارت کے سرمائی اولمپکس کی افتتاحی اور اختتامی تقریب میں شرکت سے انکار کے فیصلے کو انتہائی مایوس کن قرار دیا ہے۔
چینی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق سرمائی اولمپکس کی تقریب میں 1200 مشعل بردار شریک ہوں گے، جس میں صرف ایک گلوان تصادم میں زخمی ہونے والے چینی فوجی کمانڈر قی فاباؤکو ہیں، جسے جواز بنا کر بھارت نے اولمپکس میں شرکت سے معذرت کی۔
یاد رہے کہ امریکہ نے بیجنگ سرمائی اولمپکس کے سفارتی بائیکاٹ کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد برطانیہ، آسٹریلیا، کینیڈا اور نیوزی لینڈ نے بھی بیجنگ اولمپکس کے سفارتی بائیکاٹ کا اعلان کر دیا تھا۔ بیجنگ سرمائی اولمپکس میں شرکت نہ کرنے کیلئے تمام تر دباؤ کو مسترد کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان چار روزہ دورے پر چین پہنچ گئے ہیں۔