ورلڈ جسٹس پروجیکٹ رول آف لاء کی حالیہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان قانون کی حکمرانی کے حوالے سے دنیا کے 139 ملکوں میں سے 130ویں نمبر پر ہے۔
سال 2021ء کے اعدادوشمارکے مطابق پاکستان 0.39 اسکور کے ساتھ بد ترین ممالک میں شامل ہے۔رپورٹ کے مطابق اسکور سکیل میں صفر سے ایک تک رینک کیا گیا تھا، اگر کسی ملک کا اسکور ایک ہے تو اس کا مطلب ہے کہ وہاں قانون کی بالادستی پر سختی سے عمل درآمد کیا جاتا ہے۔
رپورٹ میں جاری کئے گئے اعدادوشمار کے مطابق 0.39 اسکور کے ساتھ پاکستان کی عالمی دنیا میں رینکنگ 130 ویں نمبر پر ہے، اس کے علاوہ پاکستان جنوبی ایشیا کے ملکوں میں بھی پاکستان آخری نمبروں پر ہے۔بنگلادیش، بھارت، سری لنکا اور نیپال قانون کی حکمرانی میں بہتر کارکردگی کے ساتھ پاکستان سے اوپر ہیں جبکہ خطے میں پاکستان سے نیچے صرف افغانستان کا نمبرہے۔ رپورٹ میں کرپشن،بنیادی حقوق، امن عامہ اور سلامتی، حکومت کی خراب کارکردگی اس کی وجوہات قرار دی گئیں ہیں۔