پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) میں کراچی کنگز کو بڑا دھچکا لگا ہے اور انجری کا شکار فاسٹ باؤلر محمد عامر اور محمد الیاس پورے ایونٹ سے باہر ہو گئے ہیں۔
پاکستان سپر لیگ کے ساتویں ایڈیشن میں مشکلات میں گھری کراچی کنگز ٹیم کی مشکلات اس وقت اور بھی بڑھ گئیں جب اس کے فاسٹ بولرز محمد عامر اور محمد الیاس پاکستان سپر لیگ کے بقیہ میچز سے آؤٹ ہوگئے۔
مسلسل تین میچ ہارنے والی کراچی کنگز کے بیٹر جو کلارک بھی فٹنس مسائل کا شکار ہیں۔کراچی کنگز کی انتظامیہ کے مطابق محمد عامر جو پہلے ہی سائیڈ اسٹرین کا شکار تھے، اپنے ری ہیب کے دوران بیک انجری کا شکار ہوگئے اور پاکستان سپر لیگ سے آؤٹ ہوگئے۔
واضح رہے کہ محمد عامر پاکستان سپر لیگ میں اب تک کوئی بھی میچ نہیں کھیل پائے ہیں۔اسی طرح فاسٹ باؤلر محمد الیاس بھی انجری کی وجہ سے اس سیزن کے بقیہ میچوں میں کراچی کنگز کو دستیاب نہیں ہوں گے۔
محمد الیاس لاہور قلندرز کے خلاف میچ میں کندھے کی انجری کا شکار ہوئے تھے لیکن اس کے باوجود انہوں نے میدان میں آ کر دو اوورز کرائے تھے۔