بھارتی فوج کے لیفٹیننٹ جنرل منوج پانڈے کا کہنا ہے کہ چین نے بڑی تعداد میں فوجوں کو لائن آف ایکچوئل کنٹرول پر بھارتی سرحد کے پاس تعینات کر دیا ہے۔
لیفٹیننٹ جنرل منوج پانڈے جو موجودہ بھارتی آرمی چیف کے بعد ممکنہ آرمی چیف ہوں گے نے اروناچل پردیش میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چین نے بھارت کے مشرقی بارڈر سمیت بھارت کے ساتھ منسلک دیگر سرحدی علاقوں میں اپنی فوجوں کو تعینات کیا ہے جن کی جانب سےفوجی پٹرولنگ کو بھی نوٹ کیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق چین کی پیپلز لبریشن آرمی ان سرحدی علاقوں میں اپنے معمول کی فوجی مشقیں کرتی رہتی ہے اور مشقوں پر آئے فوجی اختتام پر واپس چلے جاتے ہیں لیکن چینی فوج کی سرحدوں پر تعیناتی کے ساتھ جنگی مشقوں پر آئے فوجی بھی ابھی تک وہیں مقیم ہیں۔ بھارتی میڈیا کا یہ بھی کہنا تھا گوکہ چین اور بھارت دونوں ہی لائن آف ایکچوئل کنٹرول پر عسکری تعمیرات کر رہے ہیں لیکن چین نے اپنے منصوبوں میں تیزی کے سبب جلدی اور زیادہ تعمیرات مکمل کر لی ہیں جس کے سبب چین نے لائن آف ایکچوئل کنٹرول کو بھی تبدیل کر کے بھارت کے حصے میں کمی کر دی ہے۔
چین کے مقاصد کیا ہیں
گذشتہ ہفتے چین اور بھوٹان نے اپنے وفود کی اعلیٰ سطحی میٹنگ میں اپنے تمام سرحدی تنازعات مذاکرات کے ذریعے حل کر لئے اور اس میں بھارت کو فریق نہیں بنایا گیا۔ دوسری جانب چین ارونا چل پردیش کو تبت کا حصہ مانتے ہوئے اس پر بھارت کا حق تسلیم نہیں کرتا، اسی لئے جب بھارتی وزیراعظم اور بھارت کے صدر نے اروناچل پردیش کا دورہ کیا تو چین کی جانب سے باضابطہ طور پر احتجاج ریکارڈ کرایا گیا۔ اس کے ساتھ چین بھارت کی لداخ تنازعے پر ہونے والی کورکمانڈر میٹنگ بغیر کسی نتیجے پر ختم ہو گئی ہے، چینی حکام کا کہنا ہے کہ چین نے تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ سرحدی تنازعات دوطرفہ مذاکرات کے ذریعے حل کئے ہیں لیکن بھارتی حکام شاید ایسا نہیں چاہتے۔
اب بھارتی فوج کے لیفٹیننٹ جنرل منوج پانڈے نے جس جگہ پر چینی افواج کی تعیناتی کا خصوصی طور پر ذکر کیا ہے عالمی جغرافیائی حدود میں Chicken Neck کہا جاتا ہے، اس Chicken Neck کو بھارت اور اس کی 7 ریاستوں کی شہہ رگ بھی کہا جاتا ہے۔کیونکہ بھارت، نیپال اور بھوٹان کے سرحدی علاقوں کی ٹرائیکا کے بیچ یہ انتہائی چھوٹا سا علاقہ ہے اور ان سات ریاستوں کے ساتھ آمدورفت کیلئے بھارت کے پاس یہ واحد زمینی رستہ ہے، ان 7 جڑواں ریاستوں کو Seven Sisters بھی کہا جاتا ہے اور لگ بھگ ان تمام ریاستوں میں بھارت سے علیحدگی کی تحریکیں چل رہی ہیں۔ ان 7 ریاستوں میں ناگا لینڈ، میزورام، منی پور، تری پورہ، میگھالیہ، آسام اور ارونا چل پردیش شامل ہیں۔ جیسا کہ نقشے میں بالکل واضح ہے کہ ان 7 ریاستوں کے ساتھ بقیہ بھارت کا واحد زمینی رستہ یہی Chicken Neck ہے۔ بھارتی لیفٹیننٹ جنرل منوج پانڈے نے اسی جگہ پر چینی فوجوں کی تعیناتی پر تشویش کا اظہار کیا ہے، کیونکہ بھارتی خفیہ ایجنسی کے مطابق چین اس Chicken Neck پر قبضہ کرکے ان 7 ریاستوں کو چین کا حصہ بنانا چاہتا ہے یا پھر انہیں بھارت سے الگ کرنا چاہتا ہے۔