کورونا کے شکار افراد کا زیادہ سے زیادہ ایک ماہ میں ٹیسٹ کا نتیجہ منفی آ ہی جاتا ہے، لیکن کورونا کا شکار ایک شخص 14 ماہ گزرنے کے باوجود بھی صحت یاب نہیں ہو سکا۔
تفصیلات کے مطابق ترکی کے رہائشی مظفر کیاسن نومبر 2020ء سے کورونا میں مبتلا ہیں، اور ابھی تک ان کے ٹیسٹ کا نتیجہ منفی نہیں آیا۔ ترک میڈیا کے مطابق مظفر خون کے کینسر کے بھی مریض ہیں، انہیں پہلی بار نومبر 2020ء میں کورونا کے باعث ہسپتال داخل کرایا گیا تھا، اور دو ہفتوں کے بعد ڈسچارج کر دیا گیا،کیونکہ ان دنوں کورونا کیسز کے باعث ہسپتالوں پہ کافی بوجھ تھا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق گھر پہنچ کر بھی مظفر میں کورونا کی تشخیص ہوئی، جس کے باعث انہیں دوبارہ ہسپتال داخل کرادیا گیا۔ مظفر کیاسن گزشتہ 14 مہینوں سے قرنطینہ میں ہیں، جن میں سے وہ 9 ماہ ہسپتال اور 5 ماہ گھر پر قرنطینہ رہے۔ ترک میڈیا کے مطابق اس دوران ان کے 75 سے زائد ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے کسی ایک کا بھی نتیجہ منفی نہیں آیا۔
اس کے برعکس مظفر کی اہلیہ اور بیٹا قرنطینہ کے دوران کچھ وقت ان کے ساتھ رہے، جس کے بعد دو بار ٹیسٹ کروانے کے باوجود ان دونوں کے ٹیسٹ کا نتیجہ منفی آیا۔
56 سالہ مظفر نے محکمہ صحت سے اس کے متعلق تحقیق کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اب قرنطینہ سے تنگ آ چکے ہیں، برائے مہربانی مجھے اس مشکل سے نکالا جائے۔