بالی وڈ کی سینئر اداکارہ شبانہ اعظمی بھی ہندو انتہا پسندوں کے سامنے ڈٹ جانے والی طالبہ مسکان خان کی حمایت میں سامنے آ گئی ہیں۔
شبانہ اعظمی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ کیوں نہ انتہا پسندوں کو انہی کی زبان میں جواب دیا جائے۔ اس مقصد کیلئے انہوں نے مسلمان خواتین کے نام پیغام میں کہا کہ بھارتی جھنڈے کا نقاب بنا کر پہنیں، یہی ان انتہا پسندوں کا حل ہے۔
شبانہ اعظمی کے بیان پر ہندو انتہا پسندوں کو پھر آگ لگ گئی ہے، اور انہوں نے شبانہ اعظمی کی کردار کشی کے ساتھ ان کے خلاف سوشل میڈیا پر مہم چلانا شروع کر دی ہے۔
یاد رہے کہ شبانہ اعظمی کے علاوہ پوجا بھٹ، سویرا بھاسکر سمیت دیگر اداکاراؤں نے بھی مسکان خان کی حمایت کرتے ہوئے ہندو انتہا پسندوں پر کڑی تنقید کی ہے۔
کانگریس رہنماء پریانکا گاندھی نے بھی کہا ہے کہ حجاب ہو.، گھونگھٹ یا جینز، خواتین کو اپنی مرضی کے کپڑے پہننے کا اختیار حاصل ہے۔
واضح رہے کہ دوروز قبل بھارتی ریاست کرناٹک کی رہائشی مسکان خان جب کالج پہنچی تو ہندو انتہا پسندوں کے ہجوم نے انہیں ہراساں کیا، اور جے شری رام کے نعرے لگائے، جس پر مسکان نے خوف کا شکار ہونے کی بجائے ڈٹ کر ان کا سامنا کیا اور مشتعل ہجوم کے سامنے کھڑے ہو کر اللہ اکبر کے نعرے بلند کر دئیے۔ اس کے بعد سے کرناٹک کے تعلیمی اداروں کو 3 روز کیلئے بند کر دیا گیا ہے، اور کرناٹک ہائیکورٹ نے مسلم طالبات کا حجاب کے متعلق کیس لارجر بینچ کو بھیج دیا ہے۔