پاکستان کے معروف گلوکار عاطف اسلم نے جذباتی انداز میں گلوکارہ لتا منگیشکر کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق عاطف اسلم نے دبئی میں منعقدہ کنسرٹ میں لتا منگیشکر کی وفات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لیجنڈ گلوکارہ لتا ہمارے درمیان نہیں رہیں، لیکن میں نے اپنی زندگی ان کے گانوں کے ساتھ گزاری ہے۔انہوں نے کہا کہ میں لتا جی سے کبھی نہیں ملا لیکن میں نے ان کے گانوں کو اپنے دوستوں اور بھائیوں کیساتھ مل کربھرپور طور پر جیا ہے۔
عاطف اسلم نے اس موقع پر انہی کا گانا ایک پیار کا نغمہ ہےان کےنام کرتے ہوئے گایااور ان سے محبت کا اظہار کیا۔ عاطف اسلم کے گانے کے دوران بڑی اسکرین پر لتا منگیشکر کی تصویر چلنے لگی اور عاطف اسلم نے بازو کھول کر آنجہانی گلوکارہ کو خراج عقیدت پیش کیا تو کنسرٹ میں سماں بندھ گیا۔ کنسرٹ میں موجود شائقین اور بعد ازاں سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے کے بعد ہر کوئی عاطف اسلم کی تعریف کر رہا ہے۔
یاد رہے کہ بلبل ہند کہلوانے والی لتا منگیشکر علالت کے باعث 6 فروری 2022ء کو انتقال کر گئی تھیں۔