دھماکہ جمعیت علماءاسلام کے رہنمامولاناعبدالقادرکی گاڑی کے قریب ہوا
بلوچستان کے ضلع چمن میں پرانی عید گاہ کے قریب دھماکے سے 6 افراد جاں بحق اور12 زخمی ہوگئے۔ دھماکہ چمن کے علاقے بوغرہ چوک مرغی بازارکے قریب جے یو آئی نظریاتی گروپ کے نائب امیر مولانا عبدالقادر کی گاڑی قریب ہوا جس کے نتیجے میں مولانا عبدالقادر بھی شدید زخمی ہوئے ہیں جنہیں فوری طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
دھماکے کے فوری بعد قانون نافذ کرنے والے اور امدادی اداروں کے کارکنان جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور زخمیوں اور لاشوں کو چمن سول ہسپتال منتقل کیا۔ دھماکے میں ممکنہ طور پر مولانا عبدالقادر کو نشانہ بنایا گیا ہے اور دھماکا موٹرسائیکل کے ذریعے کیا گیا، جائے وقوعہ سے ایک موٹرسائیکل تباہ شدہ حال میں ملی ہے۔ دھماکے کے بعد ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرزہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی جبکہ علاقے کی مکمل ناکہ بندی کردی گئی ہے۔حملے میں جے یو آئی (نظریاتی) بلوچستان کے نائب امیر قادر لونی بھی زخمی ہوئے۔