بنگلہ دیش میں روہنگیا مہاجرین کے کیمپ میں واقع مدرسے پر حملہ ہوا ہے جس میں 7 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیش میں جمعہ کے روز مسلح شخص نے روہنگیا مہاجرین کے کیمپ میں واقع ایک مدرسے پہ فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں ابتدائی طور پر 7 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے جب کہ واقعے میں متعدد مہاجرین زخمی بھی ہوئے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہےکہ حملہ آور ایک سے زائد تھے جنہوں نے کچھ افراد پر فائرنگ کے ساتھ ساتھ چاقوؤں سے بھی حملہ کیاتھا۔
اس سے قبل بھی جمعہ کے روز اسی جگہ روہنگیا مہاجرین کے کیمپ پر حملہ کیا گیا تھا، جس میں 4 افراد ہلاک اور دیگر زخمی ہوئے تھے۔ پولیس کا کہنا ہےکہ گزشتہ ہفتے پیش آنے والے واقعے کے بعد ایک حملہ آور کو گرفتار کیا گیا تھا، جس کے قبضے سے اسلحہ، گولیاں اور چاقو بھی برآمد ہوا تھا۔
واضح رہےکہ بنگلادیش اور میانمار کی سرحد پر قائم روہنگیا مہاجرین کے کیمپوں میں تقریباً 9 لاکھ مہاجرین موجود ہیں۔