پی سی بی نے جیمز فالکنر کے پی ایس ایل کھیلنے پر تاحیات پابندی عائد کر دی

19  فروری‬‮  2022

پاکستان کرکٹ بورڈ نے آسٹریلوی کرکٹر جیمز فالکنر کے پاکستان سپر لیگ کھیلنے پر تاحیات پابندی عائد کر دی ہے۔

آسٹریلوی کرکٹر جیمز فالکنر کے غیر معقول رویے پر پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری کئے گئے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پی ایس ایل کی تمام فرنچائزز اور بورڈ نے متفقہ طور پر یہ فیصلہ کیا ہے کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کرنے والے جیمز فالکنر آئندہ پی ایس ایل ڈرافٹس میں شامل نہیں کیا جائے گا۔

اعلامیے میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پی سی بی کی جانب سے جیمز فالکنر کی جانب سے معاوضے کی عدم ادائیگی کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ دسمبر 2021ء میں جیمز فالکنر کے ایجنٹ نے معاوضے کی  ادائیگی کیلئے اپنے برطانوی بینک اکاؤنٹ کی تصدیق کی، جسے ریکارڈ میں شامل کر لیا گیا،  لیکن جنوری 2022ء میں جیمز فالکنر کے ایجنٹ نے آسٹریلوی آن شور اکاؤنٹ کی تفصیلات شیئر کیں لیکن اس وقت تک جیمز فالکنر کی 70 فیصد ادائیگی برطانیہ کے آف شور بینک اکاؤنٹ  میں منتقل کردی گئی تھی اور جیمز فالکنر نے خود اس منتقلی کی تصدیق بھی کی تھی۔

پی سی بی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ معاہدے کے مطابق جیمز فالکنر کو 70 فیصد ادائیگی کی جا چکی ہے اور 30 فیصد ادائیگی پی ایس ایل کے اختتام کے 40 روز کے دوران کی جانی تھی، لیکن کرکٹر کے غیر پیشہ وارانہ رویے کے باعث اب 30 فیصد رقم پر بھی نظر ثانی کی جائے گی۔ پی سی بی کا کہنا ہے کہ برطانوی بینک اکاؤنٹ میں 70 فیصد رقم کی منتقلی کے باوجود جیمز فالکنر بضد تھے کہ وہی رقم اب آسٹریلوی آن شور بینک اکاؤنٹ میں بھی کی جائے، یعنی انہیں ڈبل ادائیگی کی جائے۔

اعلامیے میں بتایا گیا کہ جیمز فالکنر نے عدم ادائیگی کی صورت میں جمعے کے روز ملتان سلطانز کیخلاف اہم میچ نہ کھیلنے کی دھمکی کی دی تھی، لیکن بورڈ نے توہین آمیز رویے کے باوجود انہیں یقین دلایا کہ ان کی شکایت کا ازالہ کیا جائے گا، لیکن وہ اپنے فیصلے پر بضد رہے اور واپسی کے انتظامات کرنے کی ہدایت کی۔ جیمز فالکنر نے روانگی سے قبل ہوٹل کی املاک کو بھی نقصان پہنچایا اور امیگریشن حکام کیساتھ بھی گالم گلوچ کی۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پی سی بی نے فرنچائزز انتظامیہ کیساتھ مل کر متفقہ فیصلہ کیا ہے کہ آئندہ جیمز فالکنر کو ڈرافٹنگ کا حصہ نہیں بنایا جائے گا۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved