پاکستان سپر لیگ کے ساتویں ایڈیشن کے پلے آف مرحلے کیلئے کوالیفائی کرنے والی ٹیموں کا فیصلہ ہو گیا ہے۔
آج اسلام آباد یونائیٹڈ اور ملتان سلطانز کے مابین میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی شکست کے باوجود بہتر رن ریٹ کے باعث اسلام آباد یونائیٹڈ نے پلے آف کیلئے کوالیفائی کرلیا ہے، جبکہ پوائنٹ ٹیبل کے مطابق کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور کراچی کنگز کا پی ایس ایل سیون کا سفر یہاں اختتام پذیر ہو گیا ہے۔
علاوہ ازیں ملتان سلطانز، لاہور قلندرز اور پشاور زلمی بھی پوائنٹ ٹیبل میں ٹاپ تھری پوزیشن کے باعث پلے آف مرحلے میں پہنچ گئی ہیں۔
پلے آف میں کس ٹیم کا ٹاکرا کس کیساتھ ہو گا؟
پوائنٹ ٹیبل کے مطابق ملتان سلطانز کا مقابلہ دوسرے نمبر کی ٹیم لاہور قلندرز سے ہو گا، اس مقابلے میں جیتنے والی ٹیم فائنل میں پہنچ جائے گی۔ اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی کے مابین ہونے والے میچ میں جیتنے والی ٹیم ملتان سلطانز اور لاہور قلندرز کے مابین ہارنے والی ٹیم سے دوبارہ میچ کھیلے گی۔ ان دونوں ٹیموں میں سے جیتنے والی ٹیم فائنل میں پہنچے گی۔