اینڈروئیڈ سے قبل دنیا بھر میں موبائل کی صنعت پر راج کرنے والی کمپنی نوکیا نے مارکیٹ میں اپنی جگہ دوبارہ بنانی شروع کردی ہے۔
نوکیا کی جانب سے کچھ عرصے قبل جی 20 ماڈل متعارف کرایا گیا تھا، اسی سیریز کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے کمپنی نے بڑی اسکرین، زبردست کیمرے اور بہترین بیٹری بیک اپ کا حامل فون متعارف کرادیا ہے۔ نوکیا جی 21 کے نام سے متعارف کرائے گئے اس فون کے بارے میں کمپنی کا دعویٰ ہے کہ اس کی بیٹری ایک بار مکمل چارج ہونے کے بعد تین دن تک چلتی ہے۔
نوکیا نے اس نئے ماڈل میں کیمرے میں بھی اہم تبدیلیاں کی ہیں۔ جی 21 میں مصنوعی ذہانت کے ساتھ تین کیمروں کا سیٹ اپ دیا گیا ہے جس میں مرکزی کیمرا 50 میگا پکسلز کا ہے، جو کہ سپر ریزولیشن فیچر کے ساتھ ہے جس کی مدد سے تصاویر کو اس کی تما م تر جزئیات کے ساتھ عکس بند کیا جاسکتاہے۔سیکنڈری کیمرا 5 میگا پکسلز کا الٹر وائیڈ اور دو میگا پکسلز کا میکرو لینس کیمرا دیا گیا ہے۔نوکیا جی 21 میں Unisoc T606 کا طاقت ور چپ سیٹ دیا گیا ہے۔ 12 این ایم کی چپ میں دو کارٹیکس A75 کورز اور 6 A55 کورز دیے گئے ہیں۔ جو کہ ماضی میں دیے گئے ھیلیو جی 35 سے تھوڑا بہتر ہے کیوں کہ جی 35 میں A53 کے صرف 8 کورز دیے گئے ہیں۔نوکیا نے اپنی جی سیریز میں فائیو جی ٹیکنالوجی دی ہے، لیکن نئے ماڈل کو 4 جی تک محدود رکھا گیا ہے۔
نوکیا جی 21 کو دو ویریئنٹ 4 جی بی ریم اور 64 جی بی روم اور 4 جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج کے ساتھ پیش کیا گیا ہے۔ مائیکرو ایس ڈی کارڈ کے لیے الگ سے دی گئی سلاٹ کی مدد سے اسٹوریج کو مزید بڑھایا جاسکتا ہے۔اس فون کو خریدنے والے صارفین کے لیے خوشی کی بات یہ ہے کہ اس میں آڈیو اسٹریمنگ ایپ اسپاٹے فائی اور ایکسپریس وی پی این پہلے سے ہی انسٹال ہیں اور صارفین 30 تک دن اسے مفت استعمال کرسکیں گے۔سیکیورٹی کے لیے اس میں سائیڈ پر فنگر پرنٹ سینسر اور فیس ان لاک کا جدید فیچر دیا گیا ہے۔ جو استعمال کنندہ کو فیس ماسک کے ساتھ بھی شناخت کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔نوکیا کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یہ ماڈل جلد ہی نارڈک بلیو، اور ڈسک رنگ میں 170 یورو( تقریبا 34 ہزار پاکستانی) کی قیمت پر فروخت کے لیے پیش کردیا جائے گا۔