پی ایس ایل کے گروپ میچ میں بالنگ ، بیٹنگ ،اور وکٹ کیپرز میں سب سے آگے کھلاڑیوں کے نام سامنے آ گئے ہیں۔
پی ایس ایل کے گروپ اسٹیج میں فخر زمان نے اپنی بیٹنگ سے دھوم مچا دی تو بالنگ میں شاداب خان سب سے آگے ہیں۔لاہور قلندرز کے فخر زمان بھرپور فارم میں ہیں۔ انہوں نے 10 میچ کھیل کر 52 سے زائد کی اوسط کے ساتھ 521 رنز بنائے۔ ان کے مجموعے میں ایک سنچری اور 6 ففٹیز بھی شامل ہیں۔ فخر زمان نے 16 چھکے اور 51 چوکے لگائے۔
بیٹنگ میں دوسرا نمبر محمد رضوان کا ہے۔ ملتان سلطانز کے کپتان نے 10 میچوں میں 68 سے زائد کی اوسط کے ساتھ 479 رنز بنائے۔ پی ایس ایل 7 میں ان کی بیٹنگ اوسط سب سے زیادہ ہے۔ محمد رضوان نے 9 چھکے اور 41 چوکے لگائے۔ رضوان نے 6 ففٹیز اسکور کیں۔تیسرا نمبر بھی ملتان سلطانز کے ہی اوپنر شان مسعود کا ہے جنہوں نے 4 ففٹیز کی مدد سے 457 رنز بنائے۔ انہوں نے سب سے زیادہ 53 چوکے اور 10 چھکے لگائے۔
بیٹنگ میں پشاور زلمی کے شعیب ملک 346 رنز بنا کر چوتھے نمبر پر ہیں جب کہ 343 رنز کے ساتھ کراچی کنگز کے کپتان بابر اعظم کا 5واں نمبر ہے۔بالنگ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان سب سے آگے ہیں۔ شاداب خان انجری کے باعث 7 میچ ہی کھیل سکے لیکن وہ 17 وکٹوں کے ساتھ سب سے آگے ہیں۔ملتان سلطانز کے عمران طاہر نے 16 جب کہ ملتان سلطانز کے ہی خوشدل شاہ اور لاہور قلندرز کے کپتان شاہین آفریدی نے 15،15 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔
وکٹ کیپرز میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے اعظم خان سب سے آگے ہیں۔ چھ کیچ اور 3 اسٹمپس کے ساتھ انہوں نے 9 شکار کئے۔ 6 شکار کے ساتھ ملتان سلطانز کے محمد رضوان کا دوسرا نمبر ہے۔ فیلڈرز میں کراچی کنگز کے بابر اعظم، ملتان سلطانز کے ٹم ڈیوڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے افتخار احمد نے 9،9 شکار کئے ہیں۔