افغانستان کی موجودہ صورتحال کے ذمہ دار مغربی ممالک ہیں، افغانستان کے منجمد اثاثے فوری بحال کئے جائیں، روسی صدر

24  اکتوبر‬‮  2021

روسی صدر ولادی میر پیوٹن نے طالبان کے ایک اہم مطالبہ کی حمایت کرتے ہوئے مغربی ممالک پر زور دیا کہ وہ افغانستان کے منجمد مالیاتی اثاثے فوری طور پر بحال کریں،مزید ان کا کہنا تھا کہ افغان تصفیے میں پاکستان کا کردار قابل تعریف ہے۔

اسلام آباد – (اے پی پی):  نیوز ایجنسی انادولو کے مطابق روس کے شہر سوچی میں والڈائی ڈسکشن کلب کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے روسی صدرپیوٹن نے کہا کہ افغانستان میں جو کچھ ہو رہا ہے اس کے ذمہ دار وہ مغربی ممالک ہیں جو 20 سال تک وہاں لڑتے رہے ہیں۔ اور سب سے پہلا کام جو مغربی ممالک  کو کرنا چاہیے وہ میرے خیال میں افغان اثاثوں کی بحالی ہے تاکہ افغانستان کو سماجی واقتصادی مسائل کو حل کرنے کے ذرائع حاصل ہوں ۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان کے اقتصادی مسائل بڑی اہمیت کے حامل ہیں۔روسی صدر نے طالبان کی افغانستان میں داعش  اور دہشت گرد گروہوں کے خلاف نبردآزما ہونے کی کوششوں کی تعریف کی ۔انہوں نے افغان تصفیے میں پاکستان کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ خطے کے اہم ترین کرداروں میں سے ایک ہے۔

روسی صدر پیوٹن نے امریکی صدر جو بائیڈن کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان کا افغانستان سے امریکی فوجیوں کے انخلا کا فیصلہ درست ہے۔انہوں نے افغانستان سے فوجیں واپس بلوا کر صحیح کام کیا۔

پیوٹن نے مزید کہا کہ روس پرامن ، ترقی پذیر افغانستان کو دہشت گردوں کے خطرے اور منشیات کی سمگلنگ سے پاک رکھنے میں دلچسپی رکھتا ہے اور اس کیلئے افغانستان کی معیشت کی بحالی میں مدد کرنا ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ انخلاءمختلف طریقے سے کیا جا سکتا تھا ، لیکن جیسے جیسے وقت گزرتا جائے گا ، ہر چیز اپنی جگہ پر آ جائے گی،  جہاں تک سیکیورٹی  میں بہتری کے معاملات ہیں اس کیلئے روس کے قانون نافذ کرنے والے ادارے متعلقہ افغان ڈھانچے کے ساتھ ضروری رابطہ رکھیں گے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved