آسٹریلیاء کرکٹ ٹیم کی پاکستان آمد کیساتھ ہی کپتان پیٹ کمنز نے سیکیورٹی صورتحال کے متعلق بڑا بیان جاری کیا ہے۔
اتوار کے روز ہوٹل میں ورچوئل پریس کانفرنس کرتے ہوئے آسٹریلوی کپتان نے کہا کہ یہاں سیکیورٹی کے انتظامات بہترین ہیں، اور میں خود کو بہت محفوظ محسوس کر رہا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ بہت زیادہ سیکیورٹی ہمارے کھیل کو متاثر نہیں کرے گی، ہمیں اچھی طرح سے معلوم ہے کہ ہم اپنے ہوٹل سے باہر نہیں جا سکتے۔ بھارت کے دورے میں بھی ہمیں ہوٹل سے باہر جانے کی اجازت نہیں تھی، اس لئے ہم ان پابندیوں کے عادی ہو چکے ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے متعلق گفتگو کرتے ہوئے آسٹریلوی کپتان کا کہنا تھا کہ بورڈ نے ہمارا بہت خیال رکھا، یہاں سب لوگ بہت پروفیشنل ہیں۔
یاد رہے کہ آسٹریلیاء کی ٹیم 24 سال بعد گزشتہ روز پاکستان پہنچی تھی، ہوٹل میں دو روز قرنطینہ میں گزارنے کے بعد تمام کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ ہوں گے، کورونا ٹیسٹ منفی آنے والے کھلاڑی پاکستان کے خلاف ٹیسٹ میں حصہ لے سکیں گے۔