جب بھی سعودی عرب کی سلامتی کو خطرہ ہوا، پاکستان ساتھ کھڑا ہوگا، وزیراعظم

25  اکتوبر‬‮  2021

وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ سعودی عرب کو جب کبھی سلامتی کا خطرہ ہوگا، میں یقین دلاتا ہوں کہ آپ کی حفاظت کے لیے پاکستان آپ کے ساتھ کھڑا ہوگا۔

ریاض میں سعودی انوسٹمنٹ فورم سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات مفادات سے بالاتر ہیں کیونکہ یہ عوام کے عوام سے تعلقات ہیں، پاکستان میں جو بھی حکومت آتی ہے اس کے سعودی عرب کے ساتھ بہترین تعلقات ہوتے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ اس کی دو وجوہات ہیں، پہلی وجہ 2 مقدس مساجد ہیں اور ہم سعودی عرب سے بندھے ہوئے، دوسری وجہ یہ ہے کہ سعودی عرب ہمیشہ مشکل ترین وقت میں پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا ہے، جس کو فراموش نہیں کیا جائے گا۔ عمران خان نے کہا کہ ہم بھی اس عزم کا اظہار کرتے ہیں کہ سعودی عرب کو جب کبھی سلامتی کا خطرہ ہوگا تو باقی دنیا کے ساتھ کیا ہوتا ہے میں نہیں جانتا لیکن میں یقین دلاتا ہوں کہ آپ کی حفاظت کے لیے پاکستان آپ کے ساتھ کھڑا ہوگا۔

سعودی کاروباری برادری کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی

وزیراعظم عمران خان نے سعودی کاروباری برادری کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی، عمران خان نے سعودی سرمایہ کاروں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ حالات ہمیشہ ایک جیسے نہیں رہتے ہیں اور تبدیل ہوتے ہیں، جس طرح کاروباری برادری جانتی ہے کہ کامیاب ترین کاروباری افراد مستقبل کی طرف دیکھتے ہیں اور رسک لینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ اگر آپ مستقبل کی طرف دیکھیں گے تو پاکستان اس اسٹریٹجک سطح پر ہے جہاں ہر طرف دروازے کھلتے ہیں اور چاہتے ہیں ہمارے سعودی بھائی پاکستان کی اس پوزیشن سے فائدہ اٹھائیں۔انہوں نے کہا کہ دو منصوبوں کی نشان دہی کی گئی ہے، پہلا راوی سٹی ہے جو ہم مکمل طور پر ایک نیا شہر آباد کرنا چاہتے ہیں اور اس پر کام کر رہا ہوں، جہاں سرمایہ کار آرہے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ یہ بہترین وقت ہے کہ راوی سٹی کے منصوبے میں شامل ہوجائیں جو ایک نیا شہر ہے، پھر مرکزی کاروباری اضلاع ہیں جو لاہور کے قلب میں واقع ہیں، جہاں کی آبادی تقریباً 50 لاکھ ہے اور وہاں سرمایہ کاری کا بہترین موقع ہے۔

عمران خان نے کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان تعلقات مختلف سطح پر جائیں گے، ایک ایسی سطح جس سے دونوں ممالک کو فائدہ ہوگا۔وزیر اعظم  نے کہا کہ فوائد بھی سعودی عرب اور پاکستان کے لیے مختلف ہوں گے، اسی لیے اگر ہم مل کر کام کرتے ہیں تو دونوں ممالک کے لیے فائدہ ہوگا۔

خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان سرکاری دورے پر سعودی عرب میں موجود ہیں۔ ان کے ہمراہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی و دیگر حکام بھی موجود ہیں۔

 اس فورم سے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے نیا پاکستان وژن اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے وژن 2030 میں کافی مماثلت ہے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved