بھارت کے نوجوان کرکٹر سدھارتھ موہتے نے کرکٹ کی تاریخ کا انوکھاترین ریکارڈ قائم کیا ہے۔
بھارت کے نوجوان کرکٹر سدھارتھ موہتے نے 72 گھنٹے 5 منٹ تک مسلسل بیٹنگ کرکے نیا عالمی ریکارڈ اپنے نام کرلیا ہے۔بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق نوجوان بلے باز سدھارتھ موہتے میراتھن نیٹ سیشن کے دوران 72 گھنٹے اور پانچ منٹ تک کریز پر رہے، وہ اب اس کارنامے کو تسلیم کرنے کے لیے گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کی جانب سے باضابطہ جواب کا انتظار کررہے ہیں۔19 سدھارتھ موہتے نے ہم وطن ویراگ مانے کے 50 گھنٹے کے ریکارڈ کو توڑا ہے جو انہوں نے 2015 میں بنایا تھا۔
سدھارتھ موہتے نے اپنے پیغام میں کہا کہ میں بہت خوش ہوں کہ میں نے جو کوشش کی تھی اسے مکمل کر لیا، یہ ایک طریقہ تھا جو میں لوگوں کو دکھانا چاہتا تھا کہ مجھ میں کچھ اضافی صلاحیتیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ کہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے میں نے کرکٹ کے دو اچھے سال ضائع کیے جو کہ ایک بہت بڑا نقصان تھا، میں نے کچھ مختلف کرنے کا سوچا تھا جس کے لیے میں نے کئی اکیڈمیوں اور کوچز سے رابطہ کیا۔
موہتے کو ان کی اس کوشش میں ان کے سرپرست جوالا سنگھ نے سپورٹ کیا، جو نوجوان اوپنر یاشاسوی جیسوال کی کوچنگ بھی کرچکے ہیں۔اس دوران سدھارتھ موہتے ایک گھنٹے میں پانچ منٹ کا وقفہ لے سکتا تھا جبکہ ریکارڈنگ اور مطلوبہ کاغذات اب گنیز ورلڈ ریکارڈ بک کو عالمی ریکارڈ اندراج کے لیے بھیجے جائیں گے۔