طالبان نے افغانستان کیلئے نئی فضائی افواج بنانے کا اعلان کیا ہے، طالبان کا کہنا ہے کہ وزارت دفاع ایک آزاد اور قومی سطح کی فوج بنانا چاہتی ہے جس کے پاس زمینی اور فضائی سطح پر ملک کا دفاع کرنے کی صلاحیت ہو۔
اشرف غنی کے ملک چھوڑ جانے کے بعد مغرب کی حمایت یافتہ حکومت اور فوج بھی ختم ہو گئی ہے،
طالبان کے بانی ملا عمر کے بیٹے اور افغانستان کے وزیر دفاع ملا محمد یعقوب نے ایک آڈیو پیغام کے ذریعے نئی مسلح افواج بنانے کا اعلان کیا جسے وزارت دفاع نے جاری کیا۔انہوں نے کہا کہ وزارت دفاع ایک آزاد اور قومی سطح کی فوج بنانا چاہتی ہے جس کے پاس زمینی اور فضائی سطح پر ملک کا دفاع کرنے کی صلاحیت ہو۔انہوں نے کہا کہ فوج کو جدید ہتھیاروں سے لیس کرنے کی کوشش کی جائے گی۔طالبان کے ترجمان ذبیع اللہ مجاہد نے میڈیاکو بتایا ہے کہ کہ فوج ہماری ترجیح اور ملک کو اس کی اشد ضرورت ہے۔ اسلامی امارت ایک بااختیار فوج بنائے گی اور افغانوں کی حفاظت کی ذمہ دار ہوگی اور اس کے پاس افغانستان کے امن کا دفاع کرنے کی صلاحیت ہوگی۔ان کا کہنا تھا کہ نئی فوج طالبان جنگجوؤں اور سابق حکومت کے فوجیوں پر مشتمل ہوگی۔ذبیع اللہ مجاہد نے کہا کہ اس فوج میں نئی فورسز اور افغانستان نیشنل آرمی میں کام کرنے والی فورسز شامل ہوں گی۔ ہم ان دونوں فورسز کے ساتھ ایک طاقتور فوج بنائیں گے۔
تاہم انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ نئی فوج کی تشکیل میں دیگر ممالک کی مدد شامل ہوگی کہ نہیں۔