بنگلہ دیش کی وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد نے اپنی حکومت کی جانب سے پاکستان کے ساتھ مضبوط تجارتی تعلقات اور اقتصادی تعاون کی خواہش کا اعادہ کیا۔
پاکستانی ہائی کمیشن سے جاری بیان کے مطابق بنگلہ دیش میں تعینات پاکستان کے ہائی کمشنر عمران احمد صدیقی نے وزیراعظم حسینہ واجد سے ملاقات کی اور انہیں وزیر اعظم عمران خان کی طرف سے نیک تمناؤں اور دوستی کا پیغام پہنچایا۔پیغام میں بنگلا دیش کی قیادت اور عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
بنگلا دیش کی وزیراعظم حسینہ واجد نے بھی پاکستان کی قیادت اور عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ دفتر خارجہ سے جاری بیان میں کہا گیا کہ دونوں فریقین نے پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تعلقات کو فروغ دینے پر اتفاق کیا۔بنگلہ دیشی وزیر اعظم اور پاکستانی سفیر کے درمیان تقریباً گیارہ مہینوں میں یہ دوسری ملاقات تھی۔
اس ملاقات سے ظاہر ہوتا ہے کہ دونوں ممالک کے مابین تعلقات میں ایک دہائی سے زیادہ عرصے تک گہرا جمود رہنے کے بعد گرمجوشی آنا شروع ہوئی ہے۔
یاد رہے کہ بنگلہ دیش کی وزیراعظم کی جانب سے حال ہی میں پاکستان کو تحریری طور پر وزیراعظم عمران خان کی دعوت قبول کرنے کے حوالے سے آگاہ کیا گیا، جو گزشتہ جولائی میں دی گئی تھی، اور یہ ملاقات ایک ایسے وقت میں ہو رہی جب دونوں ممالک نے حسینہ واجد کے پہلے دورہ پاکستان کی تیاریاں شروع کردی ہیں۔