باقاعدگی سے ورزش کو صحت کا ضامن کہا جاتا ہے، اس سے آپ کے دل، دماغ، ہڈیوں اور وزن میں کمی کے ساتھ ساتھ آپ کے موڈ اور جذبات پر بھی اچھے اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
لیکن ماہرین صحت نے خبردار کیا ہے کہ اعتدال سے زیادہ ورزش مرد و خواتین کو بانجھ پن میں مبتلا کرسکتی ہے۔امریکی حکومت کی جانب سےجسمانی سرگرمیوں کی دوسری گائیڈ لائن میں کہا گیا ہے کہ بالغ مرد و خواتین کو ہفتے میں 150 سے 300 منٹس تک ہلکی ورزش یا 75 سے 150 منٹ تک سخت ورزش کرنی چاہیئے۔
اگر آپ اس سے زیادہ وقت ورزش کرتے ہیں تو اس کا مطلب ہے کہ آپ ایکسرسائزکی زیادتی کر رہے ہیں۔ماہرین صحت کے مطابق ورزش کی زیادتی سے آپ اپنے جسم کو اس کی حد سے زیادہ کام کرنے پر مجبور کرتے ہیں۔ جس سے آپ کے پٹھوں میں سوزش اور ورم ہوجاتا ہے۔
یہ تمام عوامل مل کر متاثرہ فرد کو تھکان، تشویش، چڑچڑے پن اور بے خوابی جیسے مسائل میں مبتلا کردیتے ہیں۔جس سے قوت مدافعت میں کمی کے ساتھ ساتھ مردوں اور خواتین کی تولیدی صلاحیت میں بھی کمی واقع ہوتی ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کسرت کی زیادتی مردوں میں ’ ایزوسپرمیا‘ جیسی بانجھ پن کی بیماری کا سبب بنتی ہے۔ جب کہ خواتین میں ورزش کی زیادتی ایک ہارمون ایسٹروجن پر اثر انداز ہوتی ہے جو کہ ماں بننے کے عمل میں نہایت اہمت کا حامل ہے۔