ٹی20 ورلڈ کپ سپر 12 مرحلے کے گروپ 1 میں آسٹریلیا اور سری لنکا کے درمیان میچ کھیلا گیا۔ یہ دونوں ٹیمیں اپنا پہلا میچ جیت چکی تھیں۔ آسٹریلیا نے جنوبی افریقہ کو شکست دی تھی اور سری لنکا نے بنگلہ دیش کو ہرایا تھا۔ لہٰذا کل ہونے والا مقابلہ دونوں ہی ٹیموں کے لیے اہم تھا، لیکن مشکل مقابلے میں آسٹریلیا بہتر ٹیم کے طور پر سامنے آئی اور اس نے سری لنکا کو باآسانی 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔گروپ 2 میں سپر 12 مرحلے کے میچ میں پاکستان نے جیت کی ہیٹ ٹرک مکمل کرتے ہوئے افغانستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 5 وکٹوں سے شکست دی تھی۔
پوائنٹس ٹیبل کی صورتحال
کل کے میچ کے بعد گروپ 1 میں اب تمام ہی ٹیمیں 2، 2 میچ کھیل چکی ہیں اور جو نتائج سامنے آئے ہیں اس کے نتیجے میں انگلینڈ اور آسٹریلیا اپنے دونوں میچ جیتنے کے بعد 4 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر پہلے اور دوسرے نمبر پر ہیں۔ انگلینڈ کا نیٹ رن ریٹ 3.614 ہے اور آسٹریلیا کا نیٹ رن ریٹ 0.727 ہے۔
جنوبی افریقہ اور سری لنکا دونوں کے 2، 2 پوائنٹس ہیں تاہم جنوبی افریقہ بہتر رن ریٹ کے باعث تیسرے جبکہ سری لنکا چوتھے نمبر پر ہے۔ بنگلہ دیش اور دفاعی چمپیئن ویسٹ انڈیز بالترتیب پانچویں اور چھٹے نمبر پر ہیں۔ یوں آنے والے میچوں میں گروپ 1 کی صورتحال بڑی دلچسپ نظر آئے گی۔
پوائنٹس ٹیبل پر سب سے نیچے موجود دونوں ٹیمیں یعنی بنگلہ دیش اور ویسٹ انڈیز آج مدِمقابل ہوں گی اور اس میچ میں جس کے حصے میں بھی شکست کا پروانے تھمے گا، وہ ایونٹ سے باہر ہوجائے گی۔
اس کے علاوہ کل دن کے پہلے میچ میں جنوبی افریقہ اور سری لنکا کے درمیان مقابلہ ہوگا اور یوں گروپ میں تیسری اور چوتھی پوزیشن واضح ہوجائے گی۔ کل ہی آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان ایک اہم ترین میچ بھی کھیلا جائے گا جس کے بعد اس گروپ کا لیڈر بھی سامنے آجائے گا۔
گروپ 1 کا ٹیبل تو کافی حد تک تک واضح چکا ہےپاکستان سیمی فائنل میں پہنچ چکا ہے، مگر گروپ 2 میں کونسی 2 ٹیمیں سیمی فائنل کے مضبوط سمجھی جائیں گی، اس کے لیے اتوار کو انڈیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلے جانے والے میچ نے اہم ترین صورتحال اختیار کرلی ہے، اگر اس میچ کو کوارٹر فائنل تصور کیا جائے تو غلط نہیں ہوگا۔