حکومت نے ملک بھر میں عائد تمام کورونا پابندیاں ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
اسلام آباد – (اے پی پی): وفاقی وزیرمنصوبہ بندی ، ترقی، اصلاحات وخصوصی اقدامات اور نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے سربراہ اسد عمر نے کہا ہے کہ حکومت نےملک بھرمیں کورونا کیسز میں مسلسل کمی کے باعث پابندیاں ختم کرنے کا اعلان کر دیاہے۔
بدھ کو این سی او سی میں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے قومی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کے ہمراہ میڈیا بریفنگ کے دوران انہوں نے کہاکہ ملک بھر میں کوروناسےمتعلق تمام پابندیاں ختم کردی گئی ہیں، تاہم ویکسین لگوانے سے متعلق پابندیاں برقرار رہیں گی۔
انہوں نے کہاکہ کورونا کے مثبت کیسز کی شرح میں کمی نظرآرہی ہے، ہسپتال میں آنے والے مریضوں کی تعداد میں بھی کمی ہوگئی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے کورونا کو جیسے ہینڈل کیا اس کو پوری دنیا نے بھرپورانداز میں سراہا ہے۔ ملک میں 70فیصد افرادکی ویکسی نیشن مکمل ہوچکی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کورونا وبا کا پھیلاؤ کم ہو رہا ہے۔ کورونا وبا سے نکل کر معمول کی زندگی کی طرف جا رہے ہیں، لہٰذا کورونا وبا کےدوران جتنی پابندیاں لگائی تھیں وہ ختم کی جا رہی ہیں۔
اسد عمر کا کہنا تھا کہ پاکستان کورونا فری ہونے کے قریب ہے، جس کے باعث شادی، انڈور ڈائننگ سمیت مارکیٹوں میں عائد کورونا پابندیاں بھی اٹھالی گئی ہیں۔
انہوں نے عوام الناس کو خبر دار کیا کہ کورونا ابھی مکمل طور پر ختم نہیں ہوا، ویکسین لگوانے کی پابندی برقرار رہے گی۔ اسدعمر نے کہا کہ این سی او سی کی ہدایات پر بہت حد تک عمل کیا گیا،سوچ سمجھ کر معمول کی زندگی کی طرف جانے کا فیصلہ کیا ہے۔