امریکہ، روس اور بھارت کی پیشکش مسترد،ارجنٹینا کا پاکستان سے 12 لڑاکا طیارے خریدنے کا فیصلہ

19  ستمبر‬‮  2021

عالمی جریدے کی رپورٹ کے مطابق لاطینی امریکی ملک ارجنٹینا کی حکومت نے پاکستان سے 12 جے ایف 17 تھنڈر طیارے خریدنے کا فیصلہ کر لیا ہے اور حکومتی دستاویزات کے مطابق اس مقصد کیلئے 66 کروڑ 40 لاکھ ڈالر یعنی 111 ارب 55 کروڑ روپے سے زائد کی رقم سال 2022ء کے بجٹ میں مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
ارجنٹینا کی فضائیہ نے امریکہ، روس اور بھارت کی طیارے فروخت کرنے کے متعلق آفرز کو مسترد کرتے ہوئے پاکستانی طیارے خریدنے کا فیصلہ کیا ہے۔

پاکستان سے خریدے جانے والے لڑاکا طیاروں میں 10 طیارے ایک نشست کے اور دو طیارے دہری نشست والے ہوں گے۔
عالمی جریدے کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اور ارجنٹینا کے مابین دوستانہ تعلقات ہیں اور عالمی تنازعات میں دونوں ممالک کے موقف میں ہم آہنگی پائی جاتی ہے۔ پاکستان نے اقوام متحدہ میں حق خود ارادیت کی جو قراردادیں جمع کرائیں یا اس معاملے میں پاکستانی سربراہان نے جو تقاریر کیں ارجنٹینا کی حکومت نے اس کی حمایت کی جبکہ جزائر فاک لینڈ کے مسئلے پرپاکستان کا موقف ارجنٹائن کے مؤقف کے قریب ترین ہے۔ ارجنٹائن حکومت نے جو طیارے خریدنے کا فیصلہ کیا ہے ابھی اس کا تحریری معاہدہ ہونا باقی ہے، معاہدہ ہونے کی صورت میں دونوں ممالک کے دوستانہ تعلقات میں مزید بہتری آئے گی۔

خیال رہے کہ جے ایف 17 تھنڈر ایک جدید ترین، وزن میں ہلکا، تمام موسموں میں دن رات آپریشنل صلاحیتوں کا حامل لڑاکا طیارہ ہے جو پاکستان ایروناٹیکل کمپلیکس (پی اے سی) کامرہ اور چین کی چینگدو ایئر کرافٹ انڈسٹری کارپوریشن کے مشترکہ منصوبے کے طور پر تیار کیا گیا ہے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں


About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved