چین کے ایٹمی ہتھیاروں نے امریکہ کے ہوش اڑا دئیے، امریکہ نے چین کو خطرناک ترین ملک قرار دے دیا

4  ‬‮نومبر‬‮  2021

پنٹاگون کی جانب سے جاری کی گئی  ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ چین کے جوہری ہتھیاروں میں اضافے کے موجودہ اعدادوشمار کے مطابق امریکی حکام کے ایک برس قبل ایک رپورٹ مرتب کی تھی، لیکن چین ان اندازوں سے بھی زیادہ تیزی سے اپنے جوہری ہتھیاروں میں اضافہ کر رہا ہے۔ اگر یہی رفتار جاری رہی تو چین جلد امریکہ کی جوہری بالادستی ختم کر دے گا۔ رپورٹ کے مطابق چین کے جوہری ہتھیاروں کا حجم امریکی اندازوں سے اڑھائی گنا زیادہ ہے۔

رپورٹ میں یہ تو نہیں بتایا گیا کہ چین کے پاس ایٹمی ہتھیاروں کی تعداد کتنی ہے لیکن گذشتہ برس کے تجزئیے کے مطابق یہ تعداد 200 تھی، رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ چین کی رفتار کے مطابق آئندہ 6برس میں یہ تعداد 700 جبکہ 2030ء تک چین کے جوہری ہتھیاروں کی تعداد 1000 سے بھی زیادہ ہو جائے گی۔

پنٹاگون کی رپورٹ کے مطابق چین اپنے زمینی، سمندری اور ہوا پر مبنی جوہری ترسیل کے پلیٹ فارمز کی تعداد میں بھاری سرمایہ کاری اور توسیع کر رہا ہے اور اپنی جوہری قوتوں کی اس بڑی توسیع میں مدد کیلئے ضروری بنیادی ڈھانچےبھی تعمیر کر رہا ہے۔ امریکی حکام کا کہنا ہے کہ چین کے یہ اقدامات تائیوان پر دوبارہ قبضے اور دیگر ممالک میں فوجی کارروائیوں کے خلاف امریکہ اور مغربی ممالک کے دباؤ سے نمٹنے کیلئے ہیں۔

پنٹاگون حکام کا کہنا ہے کہ چین کی پیپلز لبریشن آرمی کی استعداد کار میں اضافے اور اسے جدید ہتھیاروں سے لیس کرنے کے ساتھ جوہری ہتھیاروں میں اضافے کا مقصد چین کا اپنے مضبوط ترین دشمن امریکہ کا مقابلہ کرنا ہے۔امریکی کانگریس میں پیش کی گئی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ امریکہ کے چین کا مقابلہ کرنے کے خفیہ اقدامات  کے پیش نظر چین نے اپنی فوج کو پہلے سے تیار کر رکھا ہے، اور بات جلد ہی دوطرفہ مذاکرات سے آگے نکل جائے گی۔ امریکی کانگریس میں پیش کی گئی رپورٹ کے بعد امریکہ نے آسٹریلیا کے ساتھ ایٹمی آبدوزوں کی تیاری کا معاہدہ کیا، اب جلد ہی آسٹریلیا میں امریکی فوجوں کی تعداد میں اضافہ کیا جائے گا۔

پنٹاگون نے چین کی جانب سے بری، بحری اور فضائی افواج جو جدید خطوط پر استوار کرنے اور اسے دنیا کی سب سے بڑی فوج بنانے کے منصوبوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے چین کو مستقبل میں امریکہ کیلئے سب سے خطرناک ملک قرار دیا ہے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں


About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved