طالبان کی سربراہی میں افغانستان میں آج سے انسداد پولیو مہم کا آغاز

8  ‬‮نومبر‬‮  2021

طالبان کی سربراہی میں وزارت صحت نے افغانستان میں 4 روزہ ملک گیر انسداد پولیو مہم کے آغاز کا اعلان کردیا جس کے دوران 5 سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔

طالبان کے عبوری وزیر صحت ڈاکٹر قلندر عباد کا کہنا تھا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ پولیو ایسی بیماری ہے جو علاج نہ ہونے پر بچوں کو ہلاک یا مستقل طور پر معذور کر سکتی ہے، اس لیے اس کا واحد حل ویکسی نیشن ہی ہے اور یہ مہم چار روز تک جاری رہے گی۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ افغانستان اور پاکستان دنیا کے وہ دو ممالک ہیں جہاں پولیو اب بھی موجود ہے اور یہ بیماری بچوں کو جزوی مفلوج کرنے کا سبب بن سکتی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ سال 2020 کے بعد سے افغانستان باقاعدگی سے ٹیکہ لگانے کی مہم چلا رہا ہے جس میں کارکنان گھر گھر جاکر بچوں کو ویکسین دیتے ہیں، ان ورکرز میں زیادہ تر کارکنان خواتین ہیں کیونکہ وہ ماؤں اور بچوں تک بہتر رسائی حاصل کر سکتی ہیں۔

خیال رہے کہ عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) اور اقوامِ متحدہ کے ادارہ برائے اطفال (یونیسیف) نے گزشتہ ماہ ایک مشترکہ بیان میں کہا تھا کہ وہ طالبان قیادت کی جانب سے ملک بھر میں گھر، گھر جاکر پولیو کے قطرے پلانے کی مہم کی حمایت کرنے کا خیر مقدم کرتے ہیں۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں


About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved