عالمی ادارہ صحت نے تحقیق کے بعد سامنے آنے والی خامیوں کے باعث بھارت کی تیار کردہ کورونا ویکسین کی دیگر ممالک کو ترسیل معطل کردی ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق عالمی ادارہ صحت نے بھارت میں تیار کردہ کورونا ویکسین کی دیگر ممالک کو فراہمی کے عمل کو روک دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی ویکسین کی یہ کھیپ اقوام متحدہ کے ذریعے مستحق ممالک کو مفت فراہم کی جانی تھی۔ رپورٹس کے مطابق عالمی ادارہ صحت نے بھارت میں تیار ہونے والی کورونا ویکسین کی تیاری کا معائنہ 14 سے 22 مارچ کے دوران کیا، جس کے بعد ویکسین میں خامیوں کی نشاندہی کی گئی تھی۔اس پر بھارتی کمپنی نے خامیوں کو دور کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا تھا کہ سفارشات پر عمل درآمد کا جامع منصوبہ ڈرگس کنٹرولر جنرل آف انڈیا اور عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کو جمع کرائیں گے۔
عالمی ادارہ صحت کا کہنا تھا کہ کورونا ویکسین تیار کرنے والی بھارتی کمپنی کو مینوفیکچرر کی سہولیات کو اپ گریڈ کرنے اور معائنے میں پائی جانے والی خامیوں کو دور کرنے کا موقع فراہم کرنے کا موقع دیا گیا ہے۔
ڈبلیو ایچ او نے اپنے جاری کردہ بیان میں جن ممالک کو بھارت کی تیار کردہ ویکسین مل چکی ہیں انہیں مناسب اقدامات کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔