بھارتی ریاست چھتیس گڑھ میں ایک فوجی نے اپنے ہی ساتھی اہلکاروں پر فائرنگ کرکے 4 فوجیوں کو ہلاک اور 3 کو شدید زخمی کر دیا۔
بھارتی ریاست چھتیس گڑھ کے ضلع سکما کےعلاقے مرائی گودہ کی پولیس کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ 8 نومبر کی صبح 3:15 بجے پیش آیا جب بھارتی فوجی راتیش رانجن نے اپنے ساتھیوں پر سرکاری بندوق AK-47 سے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں 7 افراد شدید زخمی ہوگئے جنہیں فوری ہسپتال پہنچایا گیا لیکن 4 اہلکار زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔
ہلاک ہونے والے اہلکاروں میں راجمانی کمار یادیو، رجیب مونڈل، دھانجی اور دھرمیندرا کمار شامل ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق فائرنگ کرنے والے اہلکار کو حراست میں لے کر تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں اور ابتدائی طور پر اس کی وجوہات معلوم نہیں ہو سکیں، جبکہ دوسری جانب پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ فائرنگ کرنے والے اہلکار راتیش رانجن کا ساتھیوں سے ذاتی جھگڑا ہوا تھا، جس نے طول پکڑا اور نوبت فائرنگ تک آ گئی۔
یاد رہے کہ رواں برس جنوری میں سی پی آر ایف کی بٹالین میں ہی ایک ایسا واقعہ پیش آیا تھا جب ایک اہلکار نے ساتھیوں پر فائرنگ کر دی تھی جس کے نتیجے میں ایک فوجی ہلاک اور ایک زخمی ہو گیا تھا۔