افغانستان کی صورتحال پر بھارت کی کانفرنس، پاکستان کے بعد چین نے بھی شرکت سے معذرت کر لی

9  ‬‮نومبر‬‮  2021

بھارت نے افغانستان کی صورتحال پر ہمسایہ ممالک کے مشیران قومی سلامتی کا اجلاس نئی دہلی میں منعقد کرنے کا فیصلہ کیا تھا، جس پر مشیر قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف نے رواں ماہ کے آغاز میں کہا تھا کہ بھارت خطے میں بگاڑ پیدا کرنے والا ملک ہے، بھارتی حکومت جموں کشمیر کے نہتے عوام پر بھی فوجی آپریشن کے ذریعے ظلم کر رہی ہیں، اس لئے پاکستان اس کانفرنس میں شرکت نہیں کرے گا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق مشیر قومی سلامتی اجیت دوول نے اکتوبر 2021ء میں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کے دوران افغانستان کے ہمسایہ ممالک کے مشیران قومی سلامتی پر مشتمل ایک کانفرنس منعقد کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔  میڈیا رپورٹس میں کہا گیا تھا کہ اس کانفرنس کیلئے پاکستان، چین، ایران، روس، تاجکستان اور ازبکستان کے مشیران قومی سلامتی کو مدعو کیا گیا تھا۔ لیکن طالبان حکومت  کےکسی نمائندے کو شرکت کی دعوت نہیں دی گئی تھی۔

بھارتی حکام کا کہنا تھا کہ افغانستان کی بدلتی صورتحال کے پیش نظر بھارت کو سلامتی کو شدید خطرات لاحق ہیں، اسی پر تبادلہ خیال کرنے اور مستقبل کا لائحہ عمل طے کرنے کیلئے اس کانفرنس کا انعقاد کیا جا رہا ہے، بھارتی میڈیا کے مطابق یہ کانفرنس 10 سے 12 نومبر کے درمیان نئی دہلی میں منعقد کی جانی ہے۔

پاکستان کے انکار کے بعد چین نے بھی آج اس کانفرنس میں شرکت سے معذرت کر لی ہے۔ یاد رہے کہ بھارت اور چین کے سرحدی تنازعات حل کرنے کیلئے دونوں ممالک کے کور کمانڈرز کی حالیہ میٹنگ بھی بغیر کسی نتیجے کے ختم ہو گئی ہے، جس کے بعد دونوں ممالک کے تعلقات انتہائی کشیدہ ہیں۔

عالمی دفاعی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ بھارت کو افغانستان میں اپنی سرمایہ کاری ڈوبتی نظر آرہی ہے جبکہ طالبان حکومت کے ساتھ دیگر ممالک کے ساتھ مذاکرات میں بھی بھارت کا کہیں نام نہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ بھارت اپنی قومی سلامتی کے نام پر یہ کانفرنس بلا کر خود کو افغانستان کے معاملے میں ایک فریق بنانے کی کوشش کر رہا ہے جو کہ پائیدار ثابت نہیں ہو رہی۔

عالمی جریدے کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ چین اور پاکستان کا بھارت کی میزبانی میں بلائی گئی کانفرنس میں شرکت سے انکار بھارت کیلئے واضح پیغام ہے کہ ان دونوں ممالک کی افغانستان کے متعلق پالیسی میں یکسانیت ہے اور وہ اس میں بھارت کا کردار تسلیم کرنے کو تیار نہیں ہیں۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved