پاکستان میں چینی سفارتخانے کی جانب سے جاری کئے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ چین وزیر اعظم عمران خان اور حکومت پاکستان کے سی پیک پر عملی تعاون اور اس مقصد کیلئے ان کی مثبت کوششوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ سی پیک کی کامیاب تکمیل کیلئے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرتے رہیں گے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ چین اس منصوبے کیلئے سازگار ماحول پیدا کرنے اور باہمی مفاد میں دوطرفہ عملی تعاون کیلئے پاکستان کے ساتھ کام کرنے کو تیار ہے۔
دوسری جانب پاکستان بورڈ آف انوسٹمنٹ کی سیکرٹری فرینہ مظہر کا کہنا ہے کہ چینی کمپنیاں گوادر کے پیٹروکیمکل شعبے میں 15 ارب ڈالر کی سرمایہ کرنے کو تیار ہیں جس کیلئے ہمارا ادارہ پاکستان میں کاروبار کرنے کی آسانی کیلئے ایک سازگار ماحول بنانے کے لیے کام کر رہا ہے۔
یاد رہے کہ داسو ڈیم میں چینی انجینئرز کی بس پر دہشت گرد حملے کے بعد مغربی بالخصوص بھارتی میڈیا نے سی پیک کے خلاف پھر سےمنفی پراپیگنڈہ شروع کر دیا تھا جس کے بعد پاکستان میں چین کے سفیر نونگ رونگ نے 2 ستمبر 2021ء کو جی ایچ کیو میں آرمی چیف قمر جاوید باجوہ کے ساتھ ملاقات کی تھی جس میں سی پیک کے خلاف سازشیں کرنے والوں کے عزائم کو ناکام بنانے کے عزم کا اعادہ کیاگیا تھا۔