اگر آج پاکستان میچ جیتا تو وزیر اعظم عمران خان دبئی کا دورہ کریں گے، پاکستان کی جیت کی صورت میں ٹی 20 ورلڈ کپ کا فائنل دیکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اگر پاکستان سیمی فائنل میں فتح حاصل کرلیتا ہے تو وزیراعظم عمران خان ایونٹ کا فائنل میچ دیکھنے اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لئے دبئی جائیں گے، وزیراعظم عمران خان کے ساتھ وفاقی وزیر فواد چوہدری بھی ہوں گے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا وزیراعظم سے درخواست کی ہے کہ اگر ہم فائنل میں پہنچے تو وزیراعظم فائنل دیکھنے ضرور جائیں، آج پاکستان اور آسٹریلیا کا میچ دو بڑی اور تگڑی ٹیموں کے درمیان مقابلہ ہے، پاکستان کرکٹ ٹیم جس طریقے سے آج شاندار کھیل کا مظاہرہ کر رہی ہے، ایسی کارکردگی بہت کم رہی ہے۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ آج کا میچ جیت کر ہم نے فائنل میں نیوزی لینڈ سے سیکیورٹی کا مسئلہ بھرپور طریقے سے حل کرنا ہے، اس لئے آج کا میچ جیتنا ضروری ہے، آج کا میچ ضرور جیتیں گے، پوری قوم اپنی ٹیم کے ساتھ کھڑی ہے، تمام کھلاڑیوں کے پاس سپر سٹار بننے کا موقع ہے، پانچ مختلف پلیئرز کو مین آف دی میچ کا اعزاز ملا ہے، اب دیکھتے ہیں چھٹے میچ میں کس کو یہ اعزاز حاصل ہوتا ہے۔