افغانستان کے عبوری وزیر خارجہ امیر خان متقی نے کہا ہے کہ افغان سرزمین پر ریاست پاکستان کے مخالف کوئی عناصر موجود نہیں، سمجھ نہیں آتی ایسا کیا کریں کہ امریکہ اور دوسرے ممالک ہمیں تسلیم کرلیں۔
افغان عبوری وزیر خارجہ امیر خان متقی نے اسلام آباد میں سیمینار سے خطاب میں پاکستان اور ٹی ٹی پی کے مابین سیزفائر معاہدے کو خوش آئند قرار دیا اور ان مذاکرات کے لیے سہولت کاری کی بھی تصدیق کردی۔امیر خان متقی نے کہا کہ امید ہے آنے والے دنوں میں مذاکرات مزید آگے بڑھیں گے، توقع کرتے ہیں عارضی جنگ بندی مستقل امن معاہدے میں تبدیل ہو، اس وقت افغان سرزمین میں پاکستان مخالف عناصر موجود نہیں اور افغان سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہو رہی۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان کو بڑی فوج کی ضرورت نہیں، ہم مختصر اورباصلاحیت فوج تشکیل دیں گے، ہماری حکومت وسیع البنیادہے، تمام قومیتیں شامل ہیں، اداروں میں خواتین 100 فیصد واپس آچکی ہیں، تعلیمی اداروں میں 75 فیصد خواتین واپس ڈیوٹی پرآچکی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سمجھ نہیں آتی کہ ایسا کیا کریں کہ امریکا و دیگر ممالک ہمیں تسلیم کر لیں۔