افغانستان کے نائب وزیر اطلاعات ذبیح اللہ مجاہد کا اپنے ایک بیان میں کہنا تھا کہ افغان خواتین نے کچھ اداروں میں کام شروع کر دیا ہےجلد ہی باقی جگہوں پر کام شروع کر دیں گی۔ تعلیم، پولیس اور صحت کے شعبوں میں خواتین کے کام کی حوصلہ افزائی کریں گے۔ اپنے بیان میں ترجمان طالبان کا مزید کہنا تھا کہ ماضی میں افغان خواتین کیلئے صرف نام کی وزارت تھی ہم خواتین کیلئے جدید ادارہ بنانے کیلئے کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امور خواتین کی وزارت میں کام کرنے والی خواتین کو دوسرے سرکاری اداروں میں نوکریاں دی جائیں گی اور ان کی رہ جانے والی تنخواہیں بھی جلد ادا کر دی جائیں گی۔
یاد رہے کہ افغانستان کی عبوری حکومت نے افغانستان کی امور خواتین کی وزارت ختم کر کے امر باالمعروف و نہی عن المنکر کے نام سے وزارت قائم کر دی تھی۔