ایرانی پاسداران انقلاب کے کمانڈر عامر علی حاجی زادہ نے کہا ہے کہ اسرائیل کا وجود دنیا سے ختم ہونے کو ہے، اگر اسرائیل نے ایران پر حملہ کیا تو یہودی ریاست کو وجود صفحہ ہستی سے مٹا دیں گے۔
اسرائیلی جریدے ٹائمز آف اسرائیل کی رپورٹ کے مطابق ایرانی پاسداران انقلاب کی ایرو سپیس فورس کے سربراہ عامر علی کا ایک تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ دنیا کی واحد یہودی ریاست جو اپنی بقاء کی جنگ لڑ رہی ہو اسے کسی دوسرے ملک کو تباہ کرنے کی دھمکیاں زیب نہیں دیتیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دشمن ہمارے میزائلوں پر مذاکرات چاہتے ہیں جبکہ ہمارے ڈرونز بھی ان کی آنکھوں کو چبھتے ہیں، ان ممالک کاہمارے ڈرونز اور میزائلوں کی تعداد کو محدود کرنے کی بات کرنا یہ ظاہر کرتا ہے کہ یہ خوف زدہ ہیں۔
یاد رہے کہ گذشتہ دنوں اسرائیل کے آرمی چیف جنرل کوچاوی نے کہا تھا کہ ایران کی ایٹمی تنصیبات پر فوجی آپریشن کرنے کی تیاریاں تیز کر دی ہیں جبکہ اسرائیلی وزیر دفاع بینی گنٹز کا کہنا تھا کہ ایران کی ایٹمی تنصیبات پر فیصلہ کن کاروائی کا فیصلہ کر لیا، ایسا حملہ کریں گے جس کی ماضی میں مثال نہیں ملے گی۔
ایرانی پاسدران انقلاب کا مزید کہنا تھا کہ اسرائیل کے پاس ایران کے خلاف صرف جنگ کا آغاز کرنے کی صلاحیت ہے، جنگ کا اختتام ہم کریں گے، اسرائیل ہمیں کوئی موقع نہ دے ورنہ یہودی ریاست کا اختتام بھی تباہ کن ہو گا۔