فواد چوہدری نے ڈاکٹر نعمان نیاز اور قومی ٹیم کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر کے درمیان صلح کرا دی دونوں گلے مل گئے۔
دونوں شخصیات کی صلح وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کے گھر پر ہوئی، سوشل میڈیا پرویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ نعمان نیاز شعیب اختر کے ہمراہ کھڑے ہیں اور ان کے سامنے ان سے اپنے کیے گئے عمل کی معافی مانگ رہے ہیں۔ڈاکٹر نعمان نیاز نے کہا کہ شیبی جو کچھ بھی ہوا میں اس پر تہ دِل سے معافی مانگتا ہوں، مجھے بہت افسوس ہے جو اسکرین پر ہوا وہ نہیں ہونا چاہیے تھا، ہماری 30 سال کی دوستی ہے جو ختم نہیں ہونی چاہیے۔دونوں شخصیات کی صلح کے موقع پر وزیراطلاعات فوادچوہدری اور سینئر اینکر سلیم صافی بھی موجود تھے۔اس سے قبل بھی نعمان نیاز نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ پروگرام میں آن ائیر جو مجھ سے ہوا اس پر جتنا ردعمل آیا وہ بالکل جائز تھا، وجہ جو بھی تھی آن ائیر یہ سب کرنے کا مجھے حق نہیں تھا، میری غلطی تھی۔
دوسری جانب شعیب اختر نے ایک ٹوئٹس کیا جس میں لکھا کہ نیشنل ٹیلی ویژن پر یہ ایک ناخوشگوار واقعہ تھا اور اس نے میرے جذبات کو ٹھیس پہنچائی تھی اس لیے مجھے کچھ وقت لگا۔ ایک اعلیٰ اخلاقی بنیاد رکھتے ہوئے میں معافی قبول کر رہا ہوں۔ آئیے اس سے آگے بڑھیں۔
It was an unpleasant incident on National Television and it had hurt my sentiments thats why it took me a while. Taking a higher moral ground, i am accepting the apology of @DrNaumanNiaz . Lets move on from this.
— Shoaib Akhtar (@shoaib100mph) November 13, 2021
واضح رہے کہ چند روز قبل سرکاری ٹی وی پر شعیب اختر اور ڈاکٹر نعمان نیاز کے درمیان غیر ملکی کرکٹرز کی موجودگی میں تلخ کلامی ہوئی تھی، ڈاکٹر نعمان نیاز نے کرکٹر کو آن ائیر پروگرام سے جانے کا کہا جس پر شعیب اختر نے پروگرام سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا۔