نئی دہلی میں زہریلی اسموگ کی وجہ سے تمام سرکاری دفاتر بند رہیں گے 7 روز تک سرکاری ملازمین گھر سے کام کریں گے۔
وزیر اعلیٰ اروند کجریوال نے کہا کہ تمام سرکاری دفاتر بند رہیں گے جبکہ نجی دفاتر کے لیے ایڈوائزری جاری ہوگی کہ وہ بھی جس قدر ممکن ہوسکے گھر سے کام کریں۔
گزشتہ ہفتے دیوالی سے فضا میں آلودگی خطرناک حد تک بڑھ گئی اور نئی دہلی اور آس پاس کے علاقے میں سانس لینا بھی مشکل ہو گیا ہے۔
وزیر اعلیٰ کی جانب سے فضائی آلودگی کو کنٹرول کرنے کی جانب سے منصوبہ ایسے وقت پر سامنے آیا جب بھارت کی عدالت عظمیٰ نے زہریلی اسموگ کے تناظر میں حکومت سے اپنے ہنگامی منصوبے کے بارے میں معلومات عدالت میں جمع کروانے کو کہا ہے۔ بھارت کی سپریم کورٹ کے چیف جسٹس نے ریمارکس دیے تھے کہ آپ دیکھ رہے ہیں کہ صورتحال کتنی خراب ہے۔یہاں تک کہ ہمیں گھروں میں بھی ماسک پہننے پڑتےہیں۔ انہوں نے استفسار کیا کہ ہمیں بتائیں کہ آپ کس طرح ہنگامی اقدامات کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں؟ دو دن کا لاک ڈاؤن؟ اے کیو آئی کو کم کرنے کے بارے میں آپ کا کیا منصوبہ ہے؟۔
مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ کے مطابق شام 6.30 بجے نئی دہلی میں مجموعی ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) 427 تھا۔400 سے زیادہ اے کیو آئی خطرناک لیول سمجھا جاتا ہے اور یہ دل اور سانس کی بیماریوں جیسے پھیپھڑوں کے کینسر کا سبب بن سکتے ہیں۔