پاک بحریہ کی ترکی کی بندرگاہ پر کثیر الملکی بحری مشقوں میں شرکت

15  ‬‮نومبر‬‮  2021

پاک بحریہ کے جہاز عالمگیر نے اکساز نیول بیس، ترکی کا دورہ کیا اور کثیرالملکی سمندری مشق ڈوگواکڈینیز میں شرکت کی۔ کثیرالملکی سمندری مشق میں وائس ایڈمرل زاہد الیاس نے پاک بحریہ کی نمائندگی کی۔

بندرگاہ آمد پر پاکستان کے نیول اتاشی، ترکی کے سیکنڈ ڈسٹرائر اسکواڈرن کے کمانڈر اور ترک بحریہ کے افسران نے جہاز کا استقبال کیا۔ بندرگاہ پر قیام کے دوران مشن کمانڈر کموڈور اظہر محمود نے کمانڈنگ آفیسر پی این ایس عالمگیر کے ہمراہ ترک بحریہ کے اعلیٰ حکام بشمول کمانڈر ترک میری ٹائم فورسز سے ملاقات کی۔ میزبان معززین نے بات چیت کے دوران باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا اور علاقائی امن اور میری ٹائم سیکیورٹی میں پاک بحریہ کے کردار کو سراہا۔ مشن کمانڈر نے چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کی طرف سے ترکی کی عوام کے لئے بالعموم اور ترک بحریہ کے لئے بالخصوص نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

پی این ایس عالمگیر کا دورہ ہاربر اور سی فیز پر مشتمل تھا،  ہاربر فیز کے دوران پیشہ وارانہ امور اور دو طرفہ تعلقات پر بات چیت کی گئی۔ جبکہ سمندری مرحلے میں کثیر القومی بحری مشق ڈوگواکڈینیز-21 میں شرکت اورمتعدد بحری آپریشنز شامل تھے۔ مشق نے پاک بحریہ کو عالمی بحری افواج کے ساتھ کثیر النوع خطرات کے ماحول میں جنگی تیاری اور باہمی تعاون کو بڑھانے کا موقع فراہم کیا۔

پاک بحریہ خطے میں میری ٹائم تحفظ اور سیکیورٹی کو یقینی بنانے میں اپنا کردار ادا کرنے میں ہمیشہ پر عزم رہی ہے۔ مشق ڈوگواکڈینیز -21 میں پاک بحریہ کی شرکت کا مقصد عالمی مشترکہ مفادات کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔ دورے کے اختتام پر پی این ایس عالمگیر نے مشرقی بحیرہ روم میں ترک بحریہ کے ساتھ مشترکہ گشت اور دو طرفہ مشق ترگت ریز میں حصہ لیا۔ مشق کے دوران عسکری حکمتِ عملی کا مظاہرہ کیا جس میں میزائل انگیجمنٹ، سیمین شپ کی مشقیں اور ہیلی کاپٹر آپریشنز شامل ہیں۔

پی این ایس عالمگیر کا ترکی کا دورہ اور مشترکہ بحری مشقوں میں شرکت، علاقائی امن و استحکام کے لئے پاک بحریہ کے عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ ان مشقوں سے دونوں بحری افواج کے درمیان باہمی تعاون کو مزید تقویت ملے گی۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved