پاکستان ہاکی فیڈریشن نے دورہ یورپ پر چوتھے غیر ملکی کوچ کی بھی خدمات حاصل کرلی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ہیڈ کوچ سیگفرائیڈ ایکمین،گول کیپر کوچ باب جان ویلڈیف، آسٹریلیا کے فزیکل ٹرینر بیری کے بعد اب پنالٹی کارنر کیلئے بھی ڈچ کوچ رچرڈ اسنیچر کی خدمات حاصل کرلی گئی ہیں۔
پاکستان ہاکی ٹیم ان دنوں یورپ کے دورے پر ہے جہاں چند روز کیلئے پنالٹی کارنر اسپیشلسٹ رچرڈ اسنیچر کی بھی خدمات حاصل کرلی ہیں جنہوں نے بیلجیئم میں قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کو پنالٹی کارنر کی اسکلز سے آگاہی دی اور انہیں ٹپس دیں۔
ذرائع کے مطابق رچرڈ اسنیچر نے کہا ہےکہ پاکستان میں بہترین ڈریگ فلیکر موجود ہیں، بحیثیت کوچ کھلاڑیوں کو جدید انداز میں ڈریگ فلیک کی ٹپس دی ہیں جس پر کھلاڑیوں نے توجہ کے ساتھ عمل کیا ہے۔
یہ پہلا موقع ہے کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے قومی ٹیم کیلئے ایک ساتھ چار غیر ملکی کوچز کی خدمات حاصل کی ہیں، ہیڈ کوچ سیگفرائیڈ ایکمین کا تعلق ہالینڈ سے ہیں ان ہی کی مشاورت پر دیگر غیر ملکی کوچ کی بھی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔
گول کیپر کوچ باب جان ویلڈیف کا تعلق بھی ہالینڈ سے ہی البتہ فزیکل ٹرینر بیری کا تعلق آسٹریلیا سے ہے ۔