میسیجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ نے اپنے صارفین کے لیے کیش بیک ریوارڈز کی پیش کش کردی ہے۔
واٹس ایپ کی جانب سے آفیشل بلاگ پر شائع ہونے والی پوسٹ کے مطابق میسیجنگ ایپ نے ہر تین ٹرانزیکشنز پر 33 بھارتی روپے کا کیش بیک انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔اعلامیے کے مطابق یہ پیش کش محدود مدت کے لیے مخصوص بھارتی صارفین کو دی گئی ہے۔ ایسے تمام صارفین جوکیش بیک کے اہل ہیں وہ اپنے واٹس ایپ اکاؤنٹ پراس حوالے سے بینردیکھ سکیں گے۔ تاہم ایسے استعمال کنندگان جنہیں یہ بینرنظر نہیں آیا وہ کسی دوسرے صارف کورقم بھیجتے وقت ’ گفٹ ‘ آئیکون کو دیکھ سکیں گے۔
واٹس ایپ انتظامیہ کی جانب سے یہ اعلان ایسے وقت میں کیا گیا ہے کہ جب بھارت میں میٹا کی زیرملکیت انسٹنٹ میسیجنگ ایپلی کیشن کو ادائیگیوں کی خدمات کو توسیع دیتے ہوئے 4 کروڑ سے بڑھا کر 10 کروڑ صارفین تک کرنے کی ریگولیٹری منظوری دی گئی ہے۔واٹس ایپ کی اس سروس نے گوگل پے، پے ٹی ایم، فون پے اور ڈیجیٹل ادائیگیاں کرنے والی بھارت کی دیگرکمپنیوں کے لیے سخت مسابقت کی فضا پیدا کردی ہے۔
یاد رہے کہ میسیجنگ ایپ نے گزشتہ سال بھارت میں موجود صارفین کے لیے ایپ کے ذریعے رقوم بھیجنے اور وصول کرنے کا فیچر متعارف کرایا تھا جسے اسے ملک بھر میں بہت پذیرائی ملی تھی۔