کرکٹ میں آپ نے ہمیشہ بیٹرز کو بولرز کی تیز رفتار گیندوں سے بچنے کیلئے ہیلمیٹ سمیت دیگر حفاظتی گارڈز پہنے ہوئے دیکھا ہوگا۔
لیکن گزشتہ دنوں انڈین پریمیئر لیگ آئی پی ایل میں پنجاب کنگز کی ٹیم میں شامل آل راؤنڈر رشی دھون کو بولنگ کرواتے ہوئے چہرے پر پلاسٹک کی حفاطتی شیلڈ پہنے ہوئے دیکھا گیا جسے دیکھ کر شائقین کرکٹ بھی تھوڑاحیران ہوگئے۔
کیونکہ اس سے قبل بولر کو چہرے پر اس طرح کی حفاظتی شیلڈ پہنے نہیں دیکھا گیا۔
معاملہ کیا ہے؟
دائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر رشی دھون اصل میں رنجی ٹرافی کے دوسرے راؤنڈ میں گیند کرواتے ہوئے فالو تھرو میں بیٹر کے شاٹ کی گیند چہرے پر لگنے کی وجہ سے زخمی ہوئے اور انہیں ناک کی سرجری بھی کروانا پڑی جس کی وجہ سے انہیں پنجاب کنگز کی جانب سے سیزن کے پہلے چار میچز سے محروم ہونا پڑا۔
اپنی ناک کی حفاظت کیلئے دائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر نے چنئی سپر کنگز کے خلاف میچ میں چہرے پر حفاظتی شیلڈ پہنی۔
پنجاب کنگز کی جانب سے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو پیغام بھی جاری کیا گیا جس میں رشی دھون اپنی انجری اور پھر آئی پی ایل میں دوبارہ کھیلنے کے حوالے سے بات کررہے تھے۔
دوسری جانب رشی کے چہرے پر حفاظتی ماسک دیکھ کر سوشل میڈیا پر میمز بھی شیئر کی گئیں۔