بھارتی کرکٹ بورڈ کے سابق صدر اور وزیر کھیل انوراگ ٹھاکر نے کہا ہے کہ پاکستان میں سیکیورٹی صورتحال اب بھی بہت بڑا چیلنج ہے۔
چیمپئن ٹرافی 2025ء کے پاکستان میں انعقاد کا فیصلہ بھارت کو چبھنا شروع ہو گیا ہے، بھارتی حکام نے ابھی سے پاکستان کی سیکیورٹی صورتحال اور ٹیم بھیجنے یا نہ بھیجنے کے متعلق پراپیگنڈا شروع کر دیا ہے۔
بھارت کرکٹ بورڈ کے سابق صدر اور وزیر کھیل انوراگ ٹھاکر نے کہا ہے کہ آئی سی سی چیمپئن ٹرافی کیلئے بھارتی کرکٹ ٹیم پاکستان بھیجنے کا ابھی سے حتمی فیصلہ نہیں کر سکتے، ٹیم بھیجنے کا فیصلہ پاکستان کی سیکیورٹی صورتحال سے مشروط ہے۔ ایونٹ سے قبل بھارتی حکومت پاکستان میں سیکیورٹی صورتحال کا مکمل جائزہ لے گی، پھر اس کی بنیاد پر ہی ٹیم بھیجنے یا نہ بھیجنےکا فیصلہ کریں گے۔
بھارتی وزیر کھیل کا کہنا تھا کہ حکومت کا فیصلہ تو بالکل واضح اور دو ٹوک ہے، لیکن ہم سمجھتے ہیں کہ عالمی مقابلوں کیلئے دیگر امور پر بھی غور کرنا پڑتا ہے۔
انوراگ ٹھاکر نے کہا کہ ماضی میں کئی ممالک کی ٹیمیں پاکستان میں کھیلنے سے انکار کر چکی ہیں، جس سے ظاہر ہوتا ہے پاکستان میں سیکیورٹی صورتحال بدستور خراب ہے، اسلئے ابھی سے فیصلہ نہیں کیا جا سکتا۔
یاد رہے کہ آئی سی سی نے مستقبل کے 8 بڑے ایونٹس کی میزبانی کا فیصلہ کرتے ہوئے ان کا شیڈول جاری کر دیا ہے، جس کے مطابق 2025ء کی چیمپئن ٹرافی کا انعقاد پاکستان میں ہو گا۔ کرکٹ مبصرین کے مطابق یہ پاکستان کیلئے خوشخبری کے ساتھ ایک بہت بڑی خبر بھی ہے کیونکہ پاکستان کو 29 سال بعد آئی سی سی کے بڑے ایونٹ کی میزبانی مل رہی ہے۔