بھارت نے کشمیر کو آتش فشاں میں بدل دیا، پاکستان کا بھارتی فوج کے ہاتھوں 5 کشمیریوں کی شہادت پر سخت احتجاج

18  ‬‮نومبر‬‮  2021

پاکستان نےبھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کے علاقے کولگام میں بھارتی قابض افواج کے ہاتھوں مزید پانچ کشمیریوں کے ماورائے عدالت قتل کی شدید مذمت کی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی قابض افواج کے ہاتھوں بے گناہ کشمیریوں کے ماورائے عدالت قتل کا سلسلہ بے شرمی سے جاری ہے۔ یہ ہندوتواسے متاثر انتہاپسند بی جے پی ،آر ایس ایس گٹھ جوڑکے ذریعے کئے جانے والے ناقابل بیان تشدد کو بے نقاب کرتا ہے، جس نے مقبوضہ وادی کو ایک آتش فشاں میں تبدیل کر دیا ہے جہاں پروفیشنلز، خواتین، بچے اور بزرگوں سمیت، یہاں تک کہ معصوم شہری بھی قابض افواج کی ریاستی دہشت گردی سے محفوظ نہیں ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ بھارتی قابض افواج کی جانب سے کئی واقعات میں شہید کشمیریوں کی لاشیں ان کے لواحقین کے حوالے نہ کرنے کا غیر انسانی اور ظالمانہ عمل بھی قابل مذمت ہے۔ کشمیری خاندانوں کو شہدا کی مناسب تدفین کے حق سے محروم کرکے ان کے بنیادی حقوق غصب کرنا موجودہ بھارتی حکومت کے اخلاقی دیوالیہ پن کو مزید بے نقاب کرتا ہے۔بھارتی قابض افواج کے ہاتھوں کشمیری شہریوں کی ہلاکتیں ان ناقابل تردید حقائق کی بھی توثیق کرتی ہیں جو پاکستان کی طرف سے حال ہی میں ایک جامع ڈوزیئر میں فراہم کیے گئے ہیں۔

پاکستان نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی کا فوری نوٹس لے اور معصوم کشمیریوں کے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کیلئے بھارت کو جوابدہ ٹھہرائے۔

پاکستان نے عالمی برادری پر بھی زور دیا ہے کہ وہ خطے میں پائیدار امن اور استحکام کیلئے کشمیری عوام کی خواہشات اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق جموں و کشمیر تنازع کے منصفانہ اور پرامن حل کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔

یاد رہے کہ بھارتی قابض افواج نے یکم اکتوبر 2021ء سے اب تک جعلی مقابلوں  اورنام نہاد سرچ آپریشنز میں کم از کم 30 کشمیریوں کو شہید، جبکہ متعدد افراد کو حراست میں لے رکھا ہے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved