اقوام متحدہ میں پاکستان کی کشمیر کے حق خود ارادیت کیلئے پیش کردہ قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی گئی ہے۔
تفصیلات میں جنرل اسمبلی کی کمیٹی کے اجلاس میں قرارداد کو تمام ممالک نے بغیر ووٹنگ منظور کرلیا۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ مقبوضہ علاقوں کے لوگوں کو منظم طریقے سے اس حق سے محروم کیا جا رہا ہے، قابض بھارتی افواج کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی جدوجہد کو وحشیانہ اور پرتشدد طریقے سے دبانے کی مذموم کوششیں کر رہی ہیں۔ اجلاس میں منیر اکرم نے بھاری فوج کی حالیہ ظالمانہ کاروائیوں کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے بھارتی حکومت کا مکروہ چہرہ عالمی برادری کے سامنے بے نقاب کیا۔
انہوں نے کہا کہ اقوام عالم کی ذمہ داری ہے کہ محکوم علاقوں کے عوام کو حق خودارایت دلائے، اور بھارتی فورسز کا کشمیر کی نہتی عوام پر جبر روکا جائے۔ منظور کی جانے والی قرارداد کی توثیق اگلے ماہ جنرل اسمبلی کے اجلاس میں متوقع ہے۔
دوسری جانب بھارتی افواج نے حالیہ نام نہاد سرچ آپریشنز میں 30 سے زائد افراد کو شہید کر دیا ہے، 15 نومبر 2021ء کو شہید کئے گئے 4 افراد کی لاشیں تاحال لواحقین کے حوالے نہیں کی گئی، بلکہ الٹا احتجاج کرنے والے لواحقین پر رات کے اندھیرے میں آپریشن کرکے انہیں بھی گرفتار کر لیا ہے۔