نیپال سے تعلق رکھنے والی لکپا شیرپا دنیا کی سب سے اونچی چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ 10 بار سر کرنے والی دنیا کی پہلی خاتون بن گئیں۔
تفصیلات کے مطابق 48 سال کی عمر میں لکپا شیرپا نے جمعرات کے روز 10ویں بار ماؤنٹ ایورسٹ کو سر کیا ہے ، وہ ساری زندگی ایسے چیلنجز کا مقابلہ کرتی رہی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق لکپا شیرپا کی 10 ویں بار ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنے کی تصدیق ان کے بھائی اور ایک اور نیپالی اہلکار نے کی، وہ یہ کارنامہ سرانجام دینے والی دنیا کی پہلی خاتون ہیں۔
اطلاعات کے مطابق لکپا شیرپا نیپال کے ایک غار میں پیدا ہوئیں، انہوں نے کوئی خاص تعلیم بھی حاصل نہیں کی جبکہ وہ لوگوں کے گھروں میں کام کرتی تھیں۔
جمعرات کو ماؤنٹ ایورسٹ کو 10 ویں بار سر کرنے سے قبل انہوں نے بی بی سی کو بتایا کہ’جب میں پہلی بار ایورسٹ کی چوٹی پر پہنچی تو میں نے ایسا محسوس کیا کہ میں اپنے خوابوں تک پہنچ گئی ہوں اور اب صرف میں گھریلو خاتون نہیں ‘۔
اس سے قبل بیس کیمپ سے بات کرتے ہوئے، لکپا شیرپا کی سب سے چھوٹی بیٹی، 15 سالہ شائنی نے بتایا کہ وہ پرجوش ہیں اور اپنی والدہ کی ترقی کو گہری نظر سے دیکھ رہی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق لکپا نے مشرقی نیپال کے مکالو علاقے میں سطح سمندر سے ہزاروں میٹر سے زیادہ بلندی پر ایک گاؤں میں اپنی زندگی کا آغاز کیا۔ وہ شیرپا نسلی گروپ کی رکن بھی ہیں۔
لکپا کا کہنا ہے کہ ‘میں ایک غار میں پیدا ہوئی، مجھے اپنی تاریخ پیدائش بھی نہیں معلوم۔ میرا پاسپورٹ کہتا ہے کہ میں 48 سال کی ہوں’۔
رپورٹس کے مطابق لکپا سن 2000 میں پہلی بار ایورسٹ تک پہنچیں اور 2003 میں وہ تین بار دنیا کی بلند ترین چوٹی کو سر کرنے والی پہلی خاتون بھی بنیں اور اس کے بعد مزید ریکارڈز اپنے نام کرتی گئیں۔
اطلاعات کے مطابق 2003 میں ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنے کے دوران لکپا کی بہن اور بھائی بھی ان کے ساتھ شامل ہوئے اور پھر یہ 8ہزار میٹر اونچی چوٹی پر بیک وقت پہنچنے والے پہلے تین بہن بھائی بھی بنے۔ گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ نے اس کارنامے کو تسلیم بھی کیا۔
اس کے بعد لکپا شیرپا نے امریکا میں مقیم رومانیہ میں پیدا ہونے والے کوہ پیما جارج ڈیجماریسکو سے شادی کی اور ان کے ساتھ پانچ بار یہ چوٹی سر کی تاہم بعد میں ان دونوں کی علیحدگی ہوگئی۔
رپورٹس کے مطابق 48 سالہ کوہ پیما مستقبل میں اپنے بیٹے اور 2 بیٹیوں کے ساتھ ایورسٹ سر کرنے کاسوچ رہی ہیں۔