پاکستان کرکٹ بورڈ نے پلیئرز ویلفیئر پالیسی کے تحت تمام کٹیگریز میں شامل کھلاڑیوں کی پنشن میں فی کس ایک لاکھ روپے کے اضافے کا اعلان کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کھلاڑیوں کی پنشن میں اضافے کے بعد اب دس یا اس سے کم ٹیسٹ میچز میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے ریٹائرڈ کھلاڑیوں کو ماہوار ایک لاکھ 42 ہزار روپے پنشن ملے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گیارہ سے بیس ٹیسٹ میچز میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے ریٹائرڈ کھلاڑی ماہوار ایک لاکھ 48 ہزار روپے پنشن وصول کریں گے، اسی طرح 21 یا اس سے زائد ٹیسٹ میچز میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے ٹیسٹ کرکٹرز کی ماہوار پینشن 52 ہزار روپے سے بڑھا کر ایک لاکھ 52 ہزار روپے کردی گئی ہے۔
پی سی بی ویلفیئر پالیسی میں ترمیم کے بعد اب کسی بھی سابق ٹیسٹ کرکٹر کی وفات کے بعد ان کی پنشن ان کی اہلیہ کو پی سی بی سے وصول کرنے کا اختیار ہوگا، اس سے قبل کرکٹر کی وفات کے بعد ان کے قانونی ورثاء کو صرف ایک مرتبہ ہی پنشن وصول کرنے کا حق تھا، جو ان کی کٹیگری کی بریکٹ کے مطابق 12 ماہ کے برابر تھی۔
پی سی بی کی ویلفیئر پالیسی آخری مرتبہ جنوری 2019ء میں اپ ڈیٹ کی گئی تھی، لہٰذا پی سی بی نے مہنگائی کی شرح کے مطابق ریٹائرڈ کھلاڑیوں کی پنشن میں سالانہ اضافے کا اعلان بھی کردیا ہے۔