سعودی عرب کے حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کے فضائی دفاعی نظام نے حوثی باغیوں کے سعودی شہروں ریاض اور جزان پر کیے گئے دو بیلسٹک میزائل حملوں کو ناکام بنا دیا ہے۔
عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق حوثی باغیوں کے ترجمان یحییٰ ساریہ نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ جدہ میں آرامکو کی ریفائنریوں کے ساتھ ساتھ ریاض، جدہ، ابہا، جیزان اور نجران میں فوجی اہداف پر حملے کیے ہیں۔ حوثی باغیوں کے ترجمان نے مزید بتایا کہ کُل 14 ڈونز حملے کیے ہیں تاہم انھوں نے کسی جانی و مالی نقصان دعویٰ نہیں کیا۔
عرب اتحادی افواج نے دعویٰ کیا ہے کہ ایک بار پھر بیلسٹک میزائل سے نشانہ بنانے کی کوشش کی جس کو عرب اتحادی افواج نے ناکام بنادیا، عرب اتحادی افواج نے حوثی باغیوں کا میزائل فضا میں ہی تباہ کردیا جب کہ حملے میں کسی کے زخمی ہونے یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز عرب اتحادی افواج نے یمن میں حوثی باغیوں کے خلاف کارروائی میں 200 باغیوں کی ہلاکت اور متعدد گاڑیوں کو تباہ کرنے کا دعویٰ کیا تھا، اس کے علاوہ اب تک یمن میں کارروائی کے دوران ہزاروں حوثی باغی مارے جاچکے ہیں۔