عمران خان بڑا بھائی ہے بہت پیار دیا، سابق کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو کے اس بیان نے بھارتی میڈیا کو آگ بگولہ کردیا۔
بھارتی پنجاب سے تعلق رکھنے والے کانگریس کے رہنما اور نامور سابق کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو کی جانب سے پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کو بڑا بھائی کہنے پر سابق بھارتی کرکٹر اور بی جے پی کے وزیر گوتم گمبھیر اُن پر برس پڑے۔ٹوئٹر پر جاری کیے گئے بیان میں گوتم گمبھیر نے نوجوت سنگھ سدھو کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ اپنے بیٹے یا بیٹی کو بارڈر پر بھیجیں اور پھر اُس ریاست کے سربراہ (عمران خان) کو اپنا بڑا بھائی کہیں۔
خیال رہےبابا گرونانک کے جنم دن کی تقریبات میں شرکت کے لئے نوجوت سنگھ سدھو گذشتہ روز کرتارپور پہنچے، جہاں میڈیا سے گفتگو میں سدھو کا کہنا تھا کہ عمران خان ذہین انسان ہیں ، وہ میرا بڑا بھائی ہے۔نوجوت سنگھ سدھو کے اس بیان پر بھارتی میڈیا سیخ پا ہوگیا اور کانگریس رہنما پر تابڑ توڑ حملے شروع کردئیے۔ کرتارپور میں میڈیا سے گفتگو نے نوجوت سنگھ سدھو نے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی دروازے کھولنے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ تجارت سےدونوں ملکوں کےکسانوں کو فائدہ ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ ہماری زبان ثقافت سب ایک ہی ہے، یہ محض سرحدی دوریاں ہیں جو ہمیں ایک دوسرے سے جدا نہیں کرسکتیں۔